امن اور خوشحالی کیلئے سفارتکاری سے تنازعات حل کیے جائیں: اسحاق ڈار

اسلام آباد: (دنیا نیوز) نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ خطے اور دنیا کو درپیش چیلنجز پر مارگلہ ڈائیلاگ کا انعقاد اہم ہے، امن اور خوشحالی کیلئے تنازعات کا مذاکرات اور سفارتکاری سے حل ضروری ہے۔

مارگلہ ڈائیلاگ سے خطاب کرتے ہوئے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا کہ مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے کیلئے باہمی تعاون اور کثیر الجہتی سفارتکاری کو فروغ دیا جائے، عالمی قوانین کا غیر منصفانہ اطلاق تفریق کو جنم دیتا ہے۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ اقوام متحدہ جیسے عالمی اداروں کو مزید مؤثر کردار ادا کرنا ہوگا، ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجی دنیا بھر میں نئے مواقع پیدا کر رہی ہے، عالمی سکیورٹی انفراسٹرکچر اس وقت شدید دباؤ کا شکار ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان تمام تنازعات کے پرامن حل کا بھرپور حامی ہے، عالمی طاقتوں کی کشمکش سے تصادم اور غلط اندازوں کا خطرہ بڑھ رہا ہے، فوجی طاقت کے استعمال سے سفارتکاری کی گنجائش محدود ہو رہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ عالمی نظام میں بڑی تبدیلیاں آرہی ہیں، موجودہ حالات میں سفارتکاری کے لیے گنجائش بڑھانے کی ضرورت ہے، سیاسی اختلافات کی وجہ سے کثیر الجہتی اداروں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ بین الاقوامی اصولوں پر غیر یکساں عمل درآمد سے تمام ممالک کی سلامتی متاثر ہوتی ہے، جغرافیائی سیاست، معیشت اور مالیاتی امور ایک دوسرے سے تیزی سے جڑ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تجارت، ٹیکنالوجی، توانائی اور سرمایہ تک رسائی پر مسابقت کے اثرات بڑھ رہے ہیں، قومی سلامتی اور عوام کی خوشحالی کیلئے اندرونی مضبوطی اور مؤثر سفارتکاری ضروری ہے، ابھرتے ہوئے عالمی نظام کی شکل ابھی تک غیر یقینی ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...