انسٹاگرام پر کم عمر صارفین کی شناخت کے لیے میٹا کا نیا اے آئی نظام

نیو یارک: (ویب ڈیسک) سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اپنی اصل عمر چھپا کر بالغ ظاہر ہونے والے کم عمر صارفین کے لیے ایسا کرنا مزید مشکل ہونے والا ہے۔

میٹا نے مصنوعی ذہانت (اے آئی) پر مبنی عمر کی شناخت کے نظام کو دنیا بھر میں وسعت دینے کا اعلان کیا ہے، جس کے ذریعے صارفین کی درج کردہ تاریخ پیدائش کے علاوہ دیگر معلومات سے بھی ان کی حقیقی عمر کا اندازہ لگایا جاسکے گا۔

میٹا کے مطابق اس اقدام کا مقصد بچوں اور نوجوانوں کو ان کی عمر کے مطابق مواد فراہم کرنا اور انسٹاگرام پر ان کے تحفظ کو بہتر بنانا ہے۔ کمپنی نے یہ ٹیکنالوجی ابتدائی طور پر اپریل 2025 میں متعارف کرائی تھی، جس کے تحت اے آئی سسٹم صارف کی عمر کا تعین کرنے کے لیے صرف اس کی فراہم کردہ تاریخ پیدائش پر انحصار نہیں کرتا۔

نئے نظام کے ذریعے ایسے نوجوانوں کی بھی شناخت ممکن ہوگی جو اپنے اکاؤنٹ میں عمر 18 سال یا اس سے زیادہ درج کرکے خود کو بالغ ظاہر کرتے ہیں، حالانکہ حقیقت میں ان کی عمر اس سے کم ہوتی ہے۔ اگر اے آئی سسٹم کسی صارف کو کم عمر قرار دے تو اسے خودکار طور پر انسٹاگرام کے خصوصی ’ٹین اکاؤنٹ‘ میں منتقل کیا جاسکے گا۔

میٹا نے ستمبر 2024 میں 13 سے 17 سال کے نوجوانوں کے لیے ٹین اکاؤنٹس متعارف کرائے تھے۔ ان اکاؤنٹس میں عمر کے لحاظ سے حفاظتی پابندیاں شامل ہیں، جن کا مقصد نامناسب مواد تک رسائی محدود کرنا، غیر ضروری رابطوں کی حوصلہ شکنی کرنا اور ایپ کے استعمال کے وقت کو کنٹرول کرنا ہے۔

کمپنی اب اس ٹیکنالوجی کو عالمی سطح پر پھیلا رہی ہے۔ ابتدائی مرحلے میں امریکا میں والدین کو انسٹاگرام فیڈ پر خصوصی ویڈیو کے ذریعے بتایا جائے گا کہ پلیٹ فارم نوعمر صارفین کی شناخت کس طرح کرتا ہے اور ان کے لیے عمر کے مطابق حفاظتی اقدامات کیسے نافذ کیے جاتے ہیں۔

میٹا کا کہنا ہے کہ بچوں اور نوجوانوں کے لیے محفوظ ڈیجیٹل ماحول کی فراہمی اس کی ترجیحات میں شامل ہے اور اس مقصد کے لیے مصنوعی ذہانت سمیت جدید ٹیکنالوجی کا استعمال بڑھایا جائے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...