اسلام آباد ہائیکورٹ کی عمران خان سے ملاقات کے بعد سیاسی گفتگو نہ کرنے کی ہدایت

اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کے حوالے سے اہم حکم نامہ جاری کرتے ہوئے وکلا کو سیاسی معاملات پر گفتگو سے گریز کرنے اور خود کو قانونی امور تک محدود رکھنے کی توقع ظاہر کردی۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے 190 ملین پاؤنڈ کیس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کی اپیلوں پر سماعت کے دوران عمران خان سے وکلا کی ملاقات سے متعلق اہم ہدایات جاری کردی ہیں۔

چیف جسٹس سرفراز ڈوگر اور جسٹس محمد آصف پر مشتمل بینچ نے دو صفحات پر مشتمل حکم نامہ جاری کیا، جس میں کہا گیا ہے کہ عدالت توقع کرتی ہے کہ سلمان صفدر اور لطیف کھوسہ جیل میں ملاقات کے بعد سیاسی معاملات پر بات نہیں کریں گے اور خود کو صرف قانونی امور تک محدود رکھیں گے۔

عدالت نے قرار دیا کہ دونوں وکلا انتہائی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے حامل ہیں اور توقع ہے کہ وہ ملاقات کے دوران اور اس کے بعد سیاسی معاملات پر گفتگو سے گریز کریں گے۔

حکم نامے کے مطابق ایڈووکیٹ جنرل عمران خان سے وکلا کی ملاقات کا انتظام کرائیں گے، جس کا دورانیہ ایک گھنٹے سے کم نہیں ہوگا۔

سماعت کے دوران لطیف کھوسہ نے مؤقف اختیار کیا کہ ملاقات نہ ہونے کے باعث وہ دلائل نہیں دے سکتے، جبکہ سلمان صفدر کا کہنا تھا کہ انہیں اپیل پر دلائل دینے کے لیے ہدایات مل چکی ہیں، تاہم ملاقات کا دورانیہ کم تھا۔

وکلا کی استدعا پر عدالت نے دلائل کی تیاری کے لیے ایک ہفتے کا وقت دے دیا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے متعلقہ آفس کو 190 ملین پاؤنڈ کیس کی اپیلوں کی پیپر بکس سات روز میں تیار کرنے کی بھی ہدایت کردی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...