ٹرمپ نے جے ڈی وینس کو بظاہر خارجہ پالیسی معاملات سے ہٹا دیا، داخلی امور پر توجہ دینے کی ہدایت

واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی صدر ٹرمپ نے نائب صدر جے ڈی وینس کو بظاہر خارجہ پالیسی معاملات سے ہٹاتے ہوئے داخلی امور پر توجہ مرکوز کرنے کی ہدایت کردی۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکا کو ایران کے ساتھ کسی معاہدے کی ضرورت نہیں ہے، ساتھ ہی انہوں نے نائب صدر جے ڈی وینس جو اس جنگ کے خاتمے کی کوششوں میں کردار ادا کر رہے تھے کو ہدایت کی کہ وہ اپنی مکمل توجہ ڈیموکریٹس کے زیرِ انتظام شہروں اور ریاستوں میں مبینہ جرائم اور کرپشن پر مرکوز کریں۔

ٹرمپ کی یہ ہدایت امریکی اخبار وال سٹریٹ جرنل کی اس رپورٹ کے ایک روز بعد سامنے آئی ہے جس میں کہا گیا تھا کہ جے ڈی وینس ایک سینیئر ایرانی سکیورٹی عہدیدار کے ساتھ آمنے سامنے امن مذاکرات پر غور کر رہے ہیں۔

اس سے ایک ہفتہ قبل ہی امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے مڈٹرم انتخابات میں ریپبلکنز کی شکست کی ایک وجہ ایران کے ساتھ جنگ کو قرار دیا تھا۔

غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق ٹرمپ کے اس بیان نے ان کے لہجے میں ایک واضح تبدیلی کو ظاہر کیا ہے کیونکہ حالیہ ہفتوں میں انہوں نے اس بات کا عندیہ دیا تھا کہ ایران امریکی انتخابات کے بعد معاہدہ کرنے کے لیے زیادہ رضامند ہوگا۔

امریکی صدر نے سوشل میڈیا پر لکھا تھا کہ ہمیں ایران کے ساتھ کسی معاہدے کی ضرورت نہیں ہے، وہ دن گزر چکے، ہمارے پاس ان کا پیسہ، سیکڑوں اربوں ڈالرز ہیں اور ہمارے پاس ان کی آبنائے ہرمز ہے۔

ٹرمپ نے مزید کہا تھا کہ انہوں نے جے ڈی وینس سے کہا ہے کہ وہ اس کے بجائے ایک مقامی مسئلے پر توجہ مرکوز کریں جو صدر نے پہلے ہی ان کے ذمے لگایا تھا، یعنی امریکا بھر میں ڈیموکریٹس کے زیرِ انتظام شہروں اور ریاستوں میں مبینہ فراڈ کے خلاف مہم کی قیادت کرنا۔

ٹرمپ نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ اس بڑے پیمانے پر ہونے والی مجرمانہ سرگرمی کو ٹھیک کر کے ہمارا بجٹ تیزی سے متوازن کیا جا سکتا ہے، کرپشن ڈیموکریٹ قیادت کے خون میں ہے۔

خیال رہے کہ جے ڈی وینس جنہیں 2028 کی ریپبلکن صدارتی نامزدگی کے لیے ایک مضبوط امیدوار کے طور پر دیکھا جا رہا ہے نے گزشتہ ہفتے ڈیموکریٹس کے ہاتھوں ریپبلکنز کی مڈٹرم الیکشن میں شکست کے بعد خود کو اس جنگ سے دور کر لیا تھا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...