گزشتہ اور موجودہ صدی میں علامہ اقبال اور مولانا مودودیؒ کی فکر کا نمایاں اثر رہام حافظ نعیم

کراچی: (دنیا نیوز) امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ گزشتہ صدی اور موجودہ صدی میں علامہ اقبال اور مولانا مودودیؒ کی فکر کا نمایاں اثر رہا ہے۔

کراچی پریس کلب میں کتاب ”مجدد الف ثانیؒ سے مجدد دوراں سید مودودیؒ تک“ کی تقریب رونمائی سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ اس کتاب کو ان کے لیے صدقہ جاریہ بنائے، نجیب ایوبی کے اندر ایک طوفان پنہاں ہے، جو ان کی تحریر اور تقریر میں نمایاں ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نجیب ایوبی نے مجدد الف ثانیؒ سے مجدد دوراں سید ابوالاعلیٰ مودودیؒ تک کی تاریخ کو اختصار اور جامع انداز میں پیش کرکے قابل قدر کاوش کی ہے۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ کتاب کی اہم خوبی یہ ہے کہ اس میں تاریخ کو مختصر مگر مؤثر انداز میں بیان کیا گیا ہے اور اسے بطور حوالہ بھی استعمال کیا جاسکتا ہے، سید ابوالاعلیٰ مودودیؒ نے کم عمری میں ہی اپنی کتاب ”تجدید و احیائے دین“ تحریر کی، جس میں جاہلیت، شرک، راہبانیت، سیکولرزم اور اسلام کے مختلف پہلوؤں پر گفتگو کی گئی ہے۔

امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ مولانا مودودیؒ نے شرک کو محض بتوں کی پوجا تک محدود نہیں رکھا بلکہ نفس کی غلامی اور اللہ کی حاکمیت کے مقابلے میں انسانوں کی غلامی کو بھی شرک قرار دیا، اور قرآن مجید کی روشنی میں دور جدید کے باطل نظاموں اور مغربی افکار کا جائزہ لیا اور دین کو اس کی اصل شکل میں پیش کرنے کی کوشش کی۔

حافظ نعیم الرحمان کے مطابق مولانا مودودیؒ نے مختلف نظاموں اور فلسفوں کا مطالعہ کرنے کے بعد قرآن مجید میں ان مسائل کی رہنمائی اور حل تلاش کیا۔

انہوں نے کہا کہ مولانا مودودیؒ کا ایک بڑا کارنامہ یہ بھی تھا کہ انہوں نے محض نظریاتی گفتگو پر اکتفا نہیں کیا بلکہ ایک منظم تحریک برپا کی اور جماعت اسلامی قائم کی، ان کا لٹریچر جغرافیائی حدود سے آگے بڑھ کر دنیا کے مختلف اسلامی ممالک تک پہنچا، جہاں مولانا مودودیؒ کی فکر اور کام کا حوالہ دیا جاتا ہے۔

امیر جماعت اسلامی نے مزید کہا کہ تحریک، فکر، نظریے اور اقامت دین کے تصور کو سمجھنے کی ضرورت ہے، جماعت اسلامی کا پیغام کسی ایک پارٹی کا نہیں بلکہ دین کا پیغام ہے، فکر، نظریے اور جدوجہد سے اختلاف کے بجائے طریقہ کار پر اختلاف ہوسکتا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...