مدارس کی رجسٹریشن اور بینک اکاؤنٹس کا مسئلہ حل ہو چکا ہے: طاہر محمود اشرفی

اسلام آباد: (دنیا نیوز) متحدہ مدارس کونسل اور قومی امن کمیٹی کے ممبران نے حکومت پنجاب کے ذمہ داران سے ملاقات کی، طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ ملاقات کا مقصد پنجاب میں مدارس کی رجسٹریشن اور قانون سازی سے متعلق تفصیلات اور مدارس عربیہ کے ساتھ حکومتی تعاون کو مضبوط بنانا تھا۔

طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ اسلام آباد میں تمام مدارس کی رجسٹریشن اور بینک اکاؤنٹس کا معاملہ حل ہو چکا ہے، حکومت اور مدارس کے درمیان رابطے کے حوالے سے بہت کامیابی ملی ہے، حکومت پنجاب نے مدارس کی رجسٹریشن کا عمل شروع کیا جو قابل تحسین ہے۔

انہوں نے کہا کہ مستقبل میں مدارس اور حکومتی اداروں کے درمیان سہولیات میں مزید بہتری آئے گی، مدارس کو ڈرایا دھمکایا جاتا ہے کہ حکومت انہیں ختم یا ان پر قبضہ کرنا چاہتی ہے، تاہم ایسی کوئی بات سامنے نہیں آئے گی، مدارس کی آزادی اور خودمختاری کے لیے سب مل کر کام کریں گے۔

طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ شہباز شریف اور ان کے رفقا نے مدارس کا مسئلہ حل کیا، 26 سالہ مسئلے کے حل اور مدارس عربیہ کے بینک اکاؤنٹس کھلوانے کے لیے عاصم منیر نے بہت بڑا کردار ادا کیا، مدارس عربیہ کو رجسٹریشن میں کوئی مشکلات نہیں ہوں گی، اگر ایسا ہوا تو اسے حل کیا جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ 15 مدارس بورڈز میں سے 11 بورڈز کے نمائندوں نے آج ملاقات کی، مریم نواز کے بھی شکر گزار ہیں جنہوں نے قومی امن کمیٹی کی ملاقات اور مدارس کی رجسٹریشن و بینک اکاؤنٹس کے معاملے پر اہم کردار ادا کیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...