خاندانی مقدمات کی ای فائلنگ کا آزمائشی منصوبہ شروع کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد: (دنیا نیوز) چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی کی زیر صدارت قومی عدالتی پالیسی ساز کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں خاندانی مقدمات کی ای فائلنگ کے آزمائشی منصوبے اور ویمن فیسیلی ٹیشن سینٹرز کے قیام پر بار نمائندگان سے مشاورت کی گئی۔

اجلاس میں صوبائی بار کونسلز، اسلام آباد بار کونسل اور سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے نمائندگان نے شرکت کی جبکہ خیبر پختونخوا اور بلوچستان بار کونسلز کے نمائندگان بذریعہ ویڈیو لنک شریک ہوئے۔

اجلاس میں قومی یکساں ای فائلنگ اور الیکٹرانک عدالتی ریکارڈ نظام کے تحت تیار کردہ مجوزہ ای فائلنگ ٹیمپلیٹس کا جائزہ لیا گیا، خاندانی مقدمات کی ای فائلنگ کا آزمائشی منصوبہ منتخب عدالتی مقامات پر شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے تمام صوبائی بار کونسلز اور اسلام آباد بار کونسل سے دو، دو وکلاء نامزد کرنے کی درخواست کی تاکہ وہ ای فائلنگ ٹیمپلیٹس کا جائزہ لے کر آزمائشی منصوبے کے آغاز سے قبل بہتری کے لیے تجاویز دے سکیں۔

چیف جسٹس نے کہا کہ ای فائلنگ کا نظام عملی، مؤثر اور وکلاء و سائلین کے لیے استعمال میں آسان ہونا چاہیے، نظام کی تیاری میں پریکٹس کرنے والے وکلاء کے تجربات اور تجاویز کو اہمیت دی جائے، عدالتی اصلاحات میں بار کی مؤثر شرکت اور مشاورت ناگزیر ہے۔

اجلاس میں شریک بار نمائندگان نے خاندانی مقدمات کی ای فائلنگ کے آزمائشی منصوبے اور ویمن فیسیلیٹیشن سینٹرز کے قیام کے اقدام کا خیرمقدم کیا۔ بار نمائندگان نے کہا کہ ان اقدامات سے بالخصوص خواتین کے لیے انصاف تک رسائی بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔

اجلاس میں عدالتی اصلاحات میں قانونی برادری کی شمولیت اور ٹیکنالوجی کے ذریعے عدالتی خدمات بہتر بنانے کے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا گیا۔ خواتین اور بچوں کے لیے انصاف تک رسائی بہتر بنانا مجوزہ اصلاحات کی اہم ترجیح قرار دیا گیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...