سابق چئیرمین پی سی بی نسیم اشرف کی این سی اے آمد
لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ کے سابق چیئرمین ڈاکٹر نسیم اشرف نے نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی جانب سے کرکٹ انفراسٹرکچر کی بہتری اور ترقیاتی منصوبوں کو سراہتے ہوئے انہیں قابلِ تحسین قرار دیا۔
ڈاکٹر نسیم اشرف کا کہنا تھا کہ محسن نقوی نے قذافی اسٹیڈیم کی تعمیرِ نو کا شاندار کام کیا ہے۔ چیمپئنز ٹرافی سے قبل ریکارڈ مدت میں اسٹیڈیم کی تکمیل ایک قابلِ تعریف اقدام تھا۔ نئے قذافی اسٹیڈیم میں تماشائیوں کو بہترین سہولیات فراہم کی گئی ہیں اور یہ اب دنیا کے بہترین کرکٹ اسٹیڈیمز میں شمار ہونے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عالمی معیار کے کرکٹ اسٹیڈیمز کی موجودگی مستقبل میں پاکستان کے لیے آئی سی سی ایونٹس کی میزبانی کے حوالے سے انتہائی اہمیت رکھتی ہے۔
سابق چیئرمین پی سی بی نے نیشنل کرکٹ اکیڈمی اور ایل سی سی اے گراؤنڈ میں جاری ترقیاتی کاموں کو بھی متاثر کن قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں عالمی معیار کی سہولیات، نوجوان کھلاڑیوں کی تربیت کے لیے جامع منصوبہ بندی، نئے پویلین، سوئمنگ پول اور دیگر جدید سہولیات مستقبل کے کرکٹرز کی تیاری میں اہم کردار ادا کریں گی۔
ڈاکٹر نسیم اشرف نے ایل سی سی اے گراؤنڈ میں مختلف کنڈیشنز کے مطابق 20 پچز کی تیاری کو بھی اہم پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا کہ آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کی کنڈیشنز کے مطابق پریکٹس کی سہولت پاکستانی بیٹرز کے لیے بیرون ملک دوروں میں فائدہ مند ثابت ہوگی۔
ان کا کہنا تھا کہ نیشنل کرکٹ اکیڈمی تیزی سے ایک مکمل عالمی معیار کے ہائی پرفارمنس سینٹر کی شکل اختیار کر رہی ہے، جو پاکستان کرکٹ کے مستقبل کے لیے خوش آئند ہے۔
ڈاکٹر نسیم اشرف نے ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس عاقب جاوید کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی نگرانی میں نوجوان کھلاڑیوں کی ترقی کے لیے درست سمت میں کام جاری ہے۔ عاقب جاوید کرکٹ کی بہترین سمجھ اور وسیع تجربہ رکھتے ہیں، اس لیے ان کی قیادت میں مثبت نتائج سامنے آنے کی توقع ہے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ اگر موجودہ نظام اور منصوبہ بندی کا تسلسل برقرار رہا تو آئندہ تین سے چار سال میں پاکستان کو ہر سطح پر 30 سے 40 باصلاحیت کھلاڑیوں کا مضبوط پول دستیاب ہو سکتا ہے۔
سابق چیئرمین پی سی بی کے مطابق پاکستان کرکٹ کی ترقی کے لیے پالیسیوں کا تسلسل اور انتظامی استحکام ناگزیر ہے۔ اگر موجودہ نظام آئندہ چار سے پانچ سال تک برقرار رہا تو پاکستان کرکٹ ایک نئے روپ میں دکھائی دے گی۔
ڈاکٹر نسیم اشرف نے اس موقع پر اس بات پر بھی زور دیا کہ ملک بھر میں کرکٹ گراؤنڈز اور کلب کرکٹ کی سہولیات میں مزید اضافہ کرنے کی ضرورت ہے تاکہ نچلی سطح سے نئے ٹیلنٹ کو سامنے لایا جا سکے اور پاکستان کرکٹ کا مستقبل مزید مضبوط بنایا جا سکے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments