پشاور میں نجی جرگوں کے انعقاد پر پابندی، ہوٹلز سیل کرنے کا فیصلہ
پشاور: (دنیا نیوز) پشاور پولیس نے نجی جرگے منعقد کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا فیصلہ کرلیا، نجی جرگوں کے لیے استعمال ہونے والے ہوٹلز اور شادی ہالز بھی سیل کیے جائیں گے۔
سی سی پی او پشاور ڈاکٹر میاں سعید احمد نے واضح کیا ہے کہ نجی جرگے منعقد کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی، جبکہ ایسے جرگوں کے لیے استعمال ہونے والے ہوٹلز اور شادی ہالز کو بھی سیل کردیا جائے گا۔
سی سی پی او پشاور ڈاکٹر میاں سعید احمد کی زیر صدارت پولیس کارکردگی کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں شہر میں جرائم کے خاتمے اور امن و امان کی مجموعی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں سٹریٹ کرائمز میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کرنے کی ہدایت کی گئی، جبکہ منشیات فروشوں، سنیچرز اور جرائم پیشہ گروہوں کے خلاف گھیرا تنگ کرنے کا حکم دیا گیا۔
ڈاکٹر میاں سعید احمد نے ہوائی فائرنگ اور اسلحے کی نمائش کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنانے اور سماجی برائیوں میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کرنے کی ہدایت بھی کی۔
سی سی پی او پشاور کا کہنا تھا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے اور میرٹ کے ساتھ بروقت انصاف کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے۔
انہوں نے کہا کہ اچھی کارکردگی دکھانے والے پولیس افسران اور اہلکاروں کی حوصلہ افزائی کی جائے گی، جبکہ فرائض میں غفلت اور اختیارات کے ناجائز استعمال پر سخت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
اجلاس میں پشاور پولیس کو جرائم کے مؤثر تدارک اور شہر میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کے لیے نتیجہ خیز اقدامات کرنے کی ہدایت کی گئی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments