وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا جہلم اور پنڈ دادنخان کے عوام کیلئے بڑا تحفہ
لاہور: (دنیا نیوز) 2021 میں شروع ہونے والا 128 کلومیٹر طویل للہ جہلم روڈ منصوبہ 5 سال بعد مکمل ہوگیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے منصوبے کی تکمیل پر اظہار تشکر کرتے ہوئے محکمہ تعمیرات و مواصلات (سی اینڈ ڈبلیو) کو شاباش دی اور جہلم پنڈ دادن خان روڈ کی جلد تکمیل کیلئے ضروری اقدامات کی ہدایت کردی۔
مریم نواز شریف کو للہ جہلم روڈ منصوبے کی تکمیل کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی، بریفنگ میں بتایا گیا کہ 128 کلومیٹر طویل سڑک پنڈ دادن خان کو للہ انٹرچینج سے منسلک کرے گی، جبکہ منصوبہ 13 ارب 53 کروڑ 80 لاکھ روپے کی لاگت سے مکمل کیا گیا ہے۔
بریفنگ کے مطابق دو رویہ للہ جہلم روڈ میں دو بائی پاس اور دیگر سڑکیں بھی تعمیر کی گئی ہیں، پہلے 20 سے 24 فٹ چوڑی سڑک کو بڑھا کر 76 فٹ تک وسیع کیا گیا ہے، جبکہ ٹریفک کی روانی اور سڑک کی مضبوطی کیلئے اطراف میں پختہ کنارے بھی بنائے جائیں گے۔
منصوبے کو پانچ سیکشنز میں تقسیم کرکے تعمیر کیا گیا، جن میں جی ٹی روڈ تا بخاری روڈ، بخاری چوک تا مصری موڑ، مصری موڑ تا پنن والا جلالپور، پنن والا تا پنڈ دادن خان اور پنڈ دادن خان تا للہ کے سیکشن شامل ہیں۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ منصوبے میں 4.2 کلومیٹر طویل جلالپور بائی پاس اور 3.98 کلومیٹر طویل پنڈ دادن خان بائی پاس بھی شامل ہیں، جبکہ 185 چھوٹے پلوں کی تعمیر بھی منصوبے کا حصہ ہے، تین کلورٹس کی تکمیل کا کام بھی جلد مکمل کرلیا جائے گا۔ بخاری چوک تا مصری موڑ سیکشن میں پانچ پل بھی تعمیر کیے گئے ہیں۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب میں ہزاروں کلومیٹر طویل سڑکیں محض تعمیر نہیں ہورہیں بلکہ مواصلات کی تاریخ رقم کی جارہی ہے، صوبے میں پہلی مرتبہ 35 ہزار کلومیٹر طویل رابطہ سڑکوں کی تعمیر، توسیع اور بحالی ایک ریکارڈ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سڑکوں کی تعمیر سے نہ صرف عوام کو سفری سہولتیں میسر آتی ہیں بلکہ معاشی سرگرمیوں میں بھی اضافہ ہوتا ہے۔
وزیراعلیٰ نے جہلم اور پنڈ دادن خان کے عوام کیلئے للہ جہلم روڈ منصوبے کی تکمیل کو اہم پیش رفت قرار دیتے ہوئے جہلم پنڈ دادن خان روڈ کی جلد تکمیل کیلئے ضروری اقدامات کرنے کی بھی ہدایت کی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments