کراچی کسی کے باپ کی جاگیر نہیں، ہر پاکستانی کو یہاں ترقی میں حصہ لینے کا حق ہے: فاروق ستار
کراچی: (دنیا نیوز) متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما فاروق ستار نے کہا ہے کہ کراچی کسی کے باپ کی جاگیر نہیں، ہر پاکستانی کو یہاں رہنے اور ترقی میں حصہ لینے کا حق ہے۔
کراچی میں گفتگو کرتے ہوئے فاروق ستار نے کہا کہ سندھی زبان بولنے والے ہمارے بھائی اور بہنیں ہیں، ان کے ساتھ ہمارا انصار اور مہاجر والا تعلق ہے، اپنے اقتدار اور کرپشن کو چھپانے کیلئے عوام کو گمراہ کیا جا رہا ہے، بلاول زرداری کے بیان میں نفرت انگیزی اور اشتعال انگیزی واضح ہے، پاکستان کی سرزمین پر اس نوعیت کی ہیٹ اسپیچ پہلے کبھی نہیں کی گئی، اس بیان کا اعلیٰ سطح پر نوٹس لیا جانا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ تین سال تک خاموش رہنے کے بعد اب اپوزیشن جماعتوں کو عوام کا خیال آگیا ہے، کراچی کسی کے باپ کی جاگیر نہیں، ہر پاکستانی کو اس شہر میں رہنے اور اس کی ترقی میں حصہ ڈالنے کا حق حاصل ہے، کراچی 1850 میں آباد ہونا شروع ہوا، 1947 میں اس کی آبادی ساڑھے تین لاکھ جبکہ 1951 میں 12 لاکھ تھی۔ ہمارے آباواجداد نے کراچی کو آباد کیا اور اس کی تعمیر و ترقی میں اپنا حصہ ڈالا۔
فاروق ستار کا کہنا تھا کہ پختون، پنجابی، سرائیکی، ہزارہ وال، کشمیری، گلگتی اور بلتی سمیت ہر زبان بولنے والے پاکستانی نے کراچی کی تعمیر میں کردار ادا کیا۔ سیلاب سے متاثر ہوکر کراچی آنے والے سندھی بھائی بہن بھی آج ہماری معاشرت کا حصہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عوام کو اکسا کر اور ورغلا کر نئے انتظامی یونٹس کے قیام کی مخالفت کی جا رہی ہے، حالانکہ نئے انتظامی یونٹس کا قیام صوبوں کے جغرافیے کی تقسیم نہیں بلکہ اختیارات اور وسائل کی منصفانہ تقسیم ہے، ان کے بقول نئے انتظامی یونٹس کے قیام سے اختیارات کے ناجائز استعمال کا خاتمہ ہوگا۔
ایم کیو ایم رہنما نے کہا کہ 18 سال میں سندھ کے آٹھ کروڑ عوام پر مشتمل صوبہ نہیں سنبھالا جا سکا۔ انتظامی اصلاحات اور نئے یونٹس کے قیام کی تحریک سے متحدہ قومی موومنٹ پیچھے نہیں ہٹے گی، ہم پیچھے مڑ کر دیکھنے والے نہیں اور نہ ہی اپنی تحریک سے واپس جانے والے ہیں، 29 نومبر کو شاہراہ فیصل کو عوام سے بھر دیں گے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments