میڈ اِن رشیا فورم میں شریک پاکستانی تجارتی وفد کے اعزاز میں سفیر پاکستان کا خصوصی عشائیہ

ماسکو: (شاہد گھمن) روس کے دارالحکومت ماسکو میں منعقدہ میڈ اِن رشیا انٹرنیشنل ایکسپورٹ فورم میں شرکت کے لیے آنے والے پاکستانی تجارتی وفد کے اعزاز میں روس میں پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی نے اپنی سرکاری رہائش گاہ پاکستان ہاؤس میں خصوصی عشائیے کا اہتمام کیا۔

اس موقع پر پاکستان اور روس کے درمیان انفارمیشن ٹیکنالوجی، سافٹ ویئر ڈیولپمنٹ، کاروباری روابط اور دوطرفہ تجارتی تعاون کے فروغ کے امکانات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

عشائیے میں پاکستانی سفارت خانے کی منسٹر ٹریڈ شبانہ ممتاز نے بھی شرکت کی، جبکہ پاکستانی تجارتی وفد کے ارکان حسنین بخاری، ہادی تبانی، ایاز شبلی، سید شہزاد حسین، مصطفی شکیل، ڈاکٹر بابر اسلام اور دیگر کاروباری شخصیات بھی موجود تھیں۔

وفد میں زیادہ تر افراد انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے سے وابستہ ہیں، جن میں سافٹ ویئر ڈیولپرز، ٹیکنالوجی کے ماہرین اور آئی ٹی کاروبار سے منسلک شخصیات شامل ہیں۔

اس موقع پر سفیر پاکستان فیصل نیاز ترمذی نے وفد کے تمام ارکان سے فرداً فرداً ملاقات کی اور میڈ اِن رشیا فورم میں ان کی شرکت، مختلف کاروباری ملاقاتوں اور مذاکرے کے سیشنز کے حوالے سے تفصیلی گفتگو کی۔

پاکستانی وفد کے ارکان نے سفیر پاکستان کو فورم کے دوران ہونے والی ملاقاتوں، روسی کاروباری حلقوں سے روابط اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں تعاون کے ممکنہ مواقع سے آگاہ کیا۔

گفتگو کے دوران پاکستانی آئی ٹی کمپنیوں اور روسی ٹیکنالوجی اداروں کے درمیان براہ راست روابط قائم کرنے، سافٹ ویئر ڈیولپمنٹ کے شعبے میں مشترکہ کاروباری مواقع تلاش کرنے اور دونوں ممالک کی کمپنیوں کے درمیان پیشہ ورانہ تعاون بڑھانے کے امکانات پر خصوصی توجہ دی گئی۔

سفیر پاکستان فیصل نیاز ترمذی نے میڈ اِن رشیا فورم میں پاکستانی آئی ٹی ماہرین اور کاروباری شخصیات کی شرکت پر خوشی کا اظہار کیا اور دونوں ممالک کے درمیان ٹیکنالوجی کے شعبے میں تعاون کو مزید آگے بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔

انہوں نے پاکستانی وفد کو یقین دلایا کہ روسی کمپنیوں اور متعلقہ کاروباری اداروں کے ساتھ ان کی ملاقاتوں اور رابطوں میں تعاون کیا جائے گا تاکہ پاکستانی آئی ٹی کمپنیوں کو روسی مارکیٹ میں کاروباری مواقع تلاش کرنے اور ممکنہ شراکت داری قائم کرنے میں مدد مل سکے۔

اس موقع پر منسٹر ٹریڈ شبانہ ممتاز نے بھی پاکستانی تجارتی وفد کے ارکان سے دوطرفہ تجارتی اور کاروباری معاملات پر تفصیلی بات چیت کی۔

وفد کے ارکان نے ان کے ساتھ روسی مارکیٹ میں پاکستانی کمپنیوں کے لیے دستیاب کاروباری مواقع، تجارتی روابط اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں ممکنہ تعاون سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا۔

شبانہ ممتاز اور وفد کے ارکان کے درمیان پاکستانی کاروباری اداروں کے روسی کمپنیوں کے ساتھ روابط بڑھانے، تجارتی ملاقاتوں اور دونوں ممالک کے درمیان کاروباری تعاون کو آگے بڑھانے کے مختلف پہلوؤں پر بھی گفتگو ہوئی۔

پاکستانی وفد کے ارکان نے بتایا کہ میڈ اِن رشیا فورم کے دوران انہیں مختلف کاروباری ملاقاتوں اور اہم گفتگو کے سیشنز میں شرکت کا موقع ملا، جہاں روسی مارکیٹ، کاروباری تعاون اور ٹیکنالوجی کے شعبے میں دستیاب امکانات پر بات چیت ہوئی۔

وفد کے ارکان نے روسی کمپنیوں کے ساتھ مزید ملاقاتوں، کاروباری روابط کے تسلسل اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں عملی تعاون کو آگے بڑھانے میں دلچسپی ظاہر کی۔

عشائیے کے دوران پاکستان اور روس کے درمیان آئی ٹی خدمات، سافٹ ویئر ڈیولپمنٹ اور ٹیکنالوجی سے متعلق کاروباری تعاون کے امکانات کے ساتھ ساتھ پاکستانی کمپنیوں کو روسی کاروباری اداروں سے متعارف کرانے کے حوالے سے بھی گفتگو ہوئی۔

پاکستانی وفد کے ارکان نے سفیر پاکستان کی جانب سے خصوصی دعوت، پرتپاک استقبال اور کاروباری روابط کے فروغ میں تعاون کی یقین دہانی پر ان کا شکریہ ادا کیا، وفد نے منسٹر ٹریڈ شبانہ ممتاز کے ساتھ ہونے والی کاروباری اور تجارتی امور پر گفتگو کو بھی مفید قرار دیا۔

اس موقع پر پاکستان ہاؤس میں مہمانوں کی روایتی پاکستانی اور دیسی کھانوں سے تواضع کی گئی، سفیر پاکستان نے وفد کے ارکان کی میزبانی کی اور خوشگوار ماحول میں دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی اور تکنیکی تعاون کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا۔

پاکستانی تجارتی وفد کی میڈ اِن رشیا فورم میں شرکت اور سفیر پاکستان و منسٹر ٹریڈ کے ساتھ ہونے والی ملاقاتوں میں خاص طور پر انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں روسی کمپنیوں کے ساتھ براہ راست کاروباری روابط قائم کرنے اور دوطرفہ تجارتی تعاون کے امکانات کو آگے بڑھانے پر توجہ مرکوز رہی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...