خیبرپختونخوا میں سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، فتنہ الخوارج کے 22 دہشتگرد ہلاک

راولپنڈی: (دنیا نیوز) خیبرپختونخوا میں سکیورٹی فورسز نے مختلف کارروائیوں کے دوران بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الخوارج کے 22 دہشت گرد ہلاک کر دیئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 16 اور 17 نومبر کو خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں سکیورٹی فورسز کی جانب سے کامیاب کارروائیاں کی گئیں۔

جنوبی وزیرستان میں خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا، سکیورٹی فورسز کی مؤثر کارروائی اور شدید فائرنگ کے تبادلے میں 15 خوارج ہلاک ہوگئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ضلع بنوں میں دو مختلف جھڑپوں کے دوران سکیورٹی فورسز نے خوارج کے ٹھکانوں کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں 6 دہشت گرد مارے گئے، جبکہ ضلع ٹانک میں ایک اور جھڑپ کے دوران ایک خارجی کو ہلاک کر دیا گیا، ہلاک ہونے والے بھارتی سرپرستی میں سرگرم خوارج سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ ہلاک دہشت گرد علاقے میں متعدد دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث تھے، علاقے میں موجود دیگر خوارج کے خاتمے کے لیے کلیئرنس اور سرچ آپریشنز جاری ہیں، سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کا وژن عزمِ استحکام کے تحت انسدادِ دہشت گردی کا عزم برقرار ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ملک سے بیرونی سرپرستی اور حمایت یافتہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں پوری رفتار سے جاری رہیں گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...