پاکستان مسلسل تیسری بار جونیئر ہاکی ایشیا کپ کے فائنل میں پہنچ گیا

صلالہ : ( دنیا نیوز ) پاکستان نے جونیئر ہاکی ایشیا کپ کے فائنل کے لئے کوالیفائی کر لیا، قومی ٹیم نے سیمی فائنل میں ملائیشیا کو شکست دے کر ایونٹ کے فائنل کے لئے کوالیفائی کیا۔

ایونٹ کے سیمی فائنل میں پاکستان نے ملائیشیا کو 2 کے مقابلے میں 6 گول سے شکست دی، پاکستان کی جانب سے عبدالرحمٰن نے شاندار پرفارمنس کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3 گول سکور کیے۔

ملائیشیا کے پیرابو تنگراجا نے 21 ویں منٹ میں گول کرکے برتری حاصل کی ، 42 ویں منٹ میں پاکستان کے محمد صفیان نے گول کرکے مقابلہ برابر کردیا۔

44 ویں منٹ میں عبدالرحمٰن نے پاکستان کو برتری دلائی، اگلے منٹ ملائیشیا نے مقابلہ برابر کیا، 47 ویں منٹ میں عبدالحنان شاہد نے فیلڈ گول کرکے پاکستان کو پھر برتری دلادی۔

عبدالرحمٰن نے 48 ویں اور 51 ویں منٹ میں گول کرکے پاکستان کی برتری مستحکم کی، 58 ویں منٹ میں ارباز احمد نے گول کرکے اسکور پاکستان کے حق میں 2-6 کردیا۔

خیال رہے کہ پاکستان نے مسلسل تیسری اور مجموعی طور پر ساتویں بار ٹورنامنٹ فائنل کیلئے کوالیفائی کیا ہے۔

یاد رہے کہ جونیئر ہاکی ایشیا کپ کے فائنل میں پاکستان کا مقابلہ  روایتی حریف بھارت سے ہوگا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں