ایف اے کپ فائنل : مانچسٹر سٹی نے مانچسٹر یونائیٹڈ کوشکست دیدی

لندن : (ویب ڈیسک ) فٹبال ایسوسی ایشن چیلنج (ایف اے) کپ کے فائنل میں مانچسٹر سٹی نے مانچسٹر یونائیٹڈ کوایک کے مقابلے میں دو گول سے شکست دے دی۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق 142 ویں ایف اے کپ کے فائنل میں مانچسٹر سٹی کی جانب سے میچ کے دوران دونوں گول الکائی گونڈوگان نے کیے  ، انہوں نے صرف 13 سیکنڈ میں گول کرکے ایف اے کپ میں تیز ترین گول کرنے کا ریکارڈ بھی اپنے نام کیا۔

جرمن فٹبالر الکائی گونڈوگان سے قبل تیز ترین گول کا ریکارڈ لوئس ساہا کے پاس تھا، انہوں نے 2009 میں چیلسی کے خلاف 25 سیکنڈ میں گول کیا تھا۔

ایف اے کپ کے فائنل میں مانچسٹر کی دونوں ٹیمیں پہلی مرتبہ مدمقابل آئی تھیں جبکہ فائنل جیتنے کے بعد مانچسٹر سٹی انگلینڈ کی فٹبال کی تاریخ میں ایک لیگ کے بعد ایف اے کپ ٹرافی جیتنے والی 13ویں ٹیم بن گئی ہے۔

واضح رہے کہ مانچسٹر سٹی کی ٹیم انگلینڈ کی فٹبال کی تاریخ میں امر ہونے کیلئے صرف ایک قدم پیچھے رہ گئی ہے کیونکہ وہ پریمیئر لیگ پہلے ہی جیت چکی ہے، اب فٹبال ایسوسی ایشن کپ کے بعد ان کی نظریں اب پہلے چیمپئنز لیگ کے ٹائٹل پر مرکوز ہیں۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں