امریکا میں پروفیشنل فائٹس جیتنے والے کک باکسر شاہ زیب رند کی کوئٹہ واپسی

کوئٹہ : (دنیانیوز) امریکا میں پروفیشنل فائٹس جیتنے کے بعد کک باکسرشاہ زیب رند وطن واپس پہنچ گئے۔

کوئٹہ ایئرپورٹ پر ترجمان وزیر اعلیٰ بلوچستان بابر یوسفزئی اور محکمہ کھیل کے حکام نے ان کا استقبال کیا، اس موقع پر بابر یوسفزئی کا کہنا تھا کہ شاہ زیب رند نے پوری دنیا میں پاکستان کا نام روشن کیا، شاہ زیب نے ہیوی فائٹ جیتی۔

تین بار پاکستان کے قومی ووشو چیمپئن شاہ زیب رند نے دورہ امریکہ کے حوالے سے کہا کہ امریکہ کا ٹور اچھا رہا، ہمیشہ پاکستان کیلئے کھیلوں گا، بلوچستان کے نوجوانوں میں بہت ٹیلنٹ  ہےاسے نکھارنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ دو پروفیشنل فائٹس آج تک کسی نے نہیں جیتیں، میرا اگلا ٹارگٹ ورلڈ ٹائٹل ہے، امید ہے کہ حکومت مجھے سپورٹ کرے گی۔

ترجمان وزیراعلیٰ بابر یوسف زئی نے مزید کہا کہ حکومت بلوچستان کھیلوں کے فروغ کے لیے کوشاں ہے، صوبائی حکومت کھلاڑیوں کو مزید بہتر کھیلنے کےلئے تمام ممکنہ سہولیات فراہم کرے گی۔

بلوچستان کے پہاڑوں سے ون چیمپئن شپ پروفیشنل فائٹر تک کا سفر طے کرنے والے شاہ زیب رند کا شمار کوئٹہ کے قابل فخر مارشل آرٹسٹس میں ہوتا ہے۔

شاہ زیب رند نے صرف چار سال کی عمر میں مارشل آرٹ کی مشق شروع کی اور اس نے 70 سے زائد فتوحات حاصل کیں ، شاہ زیب نے 6 ستمبر 2019 کو اپنا پروموشنل ڈیبیو کیا اور عالمی سٹیج پر قدم رکھا۔
 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں