آئی سی سی کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی پر سلمان علی آغا کی سرزنش
سلہٹ: (دنیا نیوز) پاکستانی کرکٹر سلمان علی آغا کو بنگلادیش کے خلاف سلہٹ میں کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ میچ کے دوران آئی سی سی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر سرکاری طور پر تنبیہ جاری کر دی گئی۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے مطابق سلمان آغا نے لیول ون کے ضابطے کی خلاف ورزی کی جو میچ کے دوران کرکٹ سامان، گراؤنڈ کے آلات یا دیگر اشیا کے ساتھ نامناسب رویے سے متعلق ہے۔
یہ واقعہ پاکستان کی دوسری اننگز کے 82ویں اوور میں پیش آیا جب سلمان آغا نے آؤٹ ہونے کے بعد واپس پویلین جاتے ہوئے غصے میں اشتہاری بورڈ پر بیٹ دے مارا۔
آئی سی سی نے سلمان آغا کے ڈسپلنری ریکارڈ میں ایک ڈی میرٹ پوائنٹ بھی شامل کر دیا ہے، گزشتہ 24 ماہ کے دوران یہ ان کی دوسری خلاف ورزی ہے، جس کے بعد ان کے مجموعی ڈی میرٹ پوائنٹس کی تعداد دو ہوگئی ہے۔
اس سے قبل مارچ میں ڈھاکا میں بنگلادیش کے خلاف ون ڈے میچ کے دوران بھی وہ اسی نوعیت کی خلاف ورزی کے مرتکب پائے گئے تھے۔
سلمان آغا نے اپنی غلطی تسلیم کرتے ہوئے میچ ریفری جیف کرو کی جانب سے تجویز کردہ سزا قبول کر لی جس کے باعث باقاعدہ سماعت کی ضرورت پیش نہیں آئی۔