پاکستانی فاسٹ بولر محمد عامر کو برطانوی شہریت مل گئی
لندن: (ویب ڈیسک) پاکستانی فاسٹ بالر محمد عامر کو باقاعدہ طور پر برطانوی شہریت مل گئی ہے اور انہیں برطانوی پاسپورٹ بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
برطانوی شہریت ملنے کے بعد اب تکنیکی طور پر ان کے لیے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے دروازے بھی کھل گئے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق محمد عامر اپنی برطانوی نژاد اہلیہ نرجس خان اور بچوں کے ہمراہ طویل عرصے سے برطانیہ میں مقیم تھے، تمام قانونی مراحل اور مقررہ وقت مکمل ہونے کے بعد اب وہ باقاعدہ شہریت حاصل کرچکے ہیں۔
بدھ کے روز سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر شیئر کی گئی ایک پوسٹ کو محمد عامر نے اپنے آفیشل اکاؤنٹ سے شیئر کیا، جس میں ایک صارف نے برطانوی شہریت ملنے پر ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا تھا۔
بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے پاکستانی کھلاڑیوں کی آئی پی ایل میں شرکت پر پابندی عائد کر رکھی ہے، یہی وجہ ہے کہ ماضی میں پاکستان کے سابق آل راؤنڈر اظہر محمود بھی برطانوی شہریت حاصل کرنے کے بعد آئی پی ایل میں میں شریک ہوئے تھے۔
برطانوی پاسپورٹ ملنے کے بعد اب محمد عامر بھی تکنیکی طور پر آئی پی ایل کھیلنے کے اہل ہو گئے ہیں، یہ خبریں بھی گردش کر رہی ہیں کہ اگر انہیں آئی پی ایل سے پیشکش آئی تو وہ اس میں شرکت پر ضرور غور کریں گے۔
واضح رہے کہ محمد عامر کئی مرتبہ آئی پی ایل میں کھیلنے کی خواہش کا اظہار کرچکے ہیں۔