پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں رواں ماہ دو مرتبہ مدمقابل آئیں گی
لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان اور بھارت کی ہاکی ٹیمیں رواں ماہ لندن میں آمنے سامنے ہوں گی۔
تفصیلات کے مطابق روایتی حریفوں کے درمیان 23 اور 26 جون کو شیڈول میچز کے لیے ٹکٹوں کی فروخت جاری ہے۔
میچز کی تیاری کے لیے پاکستانی ہاکی ٹیم کا کیمپ ان دنوں لاہور میں جاری ہے، پروہاکی لیگ کے شیڈول کے تحت قومی ٹیم 9 جون کو بیلجیم روانہ ہوگی۔
پاکستانی ٹیم 13 جون کو بیلجیم اور 14 جون کو اسپین کے خلاف کھیلے گی، 19 جون کو بیلجیم اور 20 جون کو سپین کے خلاف دوسرا میچ رکھا گیا ہے۔
پہلے یہ میچز 16 اور 17 جون کو طے تھے، آخری راؤنڈ کھیلنے کے لیےقومی ٹیم 21 جون کو بیلیجم سے لندن کا سفر کرے گی۔
گرین شرٹس 23 جون کو روایتی حریف بھارت کا سامنا کریں گے اور 24 جون کو انگلینڈ کے خلاف میچ ہوگا، 26 جون کو پاکستان اور بھارت دوبارہ مدمقابل آئیں گے۔
اس کے بعد پاکستان ٹیم لیگ کے آخری میچ کے لیے 27 جون کو انگلینڈ کے خلاف میدان میں اترے گی۔
اب تک کھیلے گئے لیگ کے تمام آٹھ میچز میں پاکستانی ٹیم کو شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ بنا کسی پوائنٹس کے پاکستانی ٹیم ٹیبل پر سب سے نیچے ہے۔
پروہاکی لیگ میں جگہ برقرار رکھنا پاکستانی ٹیم کے لیے سب سے بڑا چیلنج ہوگا۔
واضح رہے کہ لیگ کی 9 ٹیموں میں سے ہر سال سب سے نیچے رہنے والی ایک ٹیم باہر کردی جاتی ہے۔