سائبر ونگ کا حتمی مسودہ پنجاب حکومت کو بھجوا دیا گیا

لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب پولیس میں بننے والے سائبر ونگ کا حتمی مسودہ پنجاب حکومت کو بھجوا دیا گیا۔

سائبر ونگ کا نام بھی نیا مسودہ میں تبدیل کر دیا گیا ہے، سائبر ونگ کا نیا نام ڈیجیٹل کرائم ونگ ہو گا۔

حتمی مسودہ قانون سازی کے لیے پنجاب حکومت کو بھجوا دیا گیا۔

پولیس حکام کے مطابق ڈیجیٹل کرائم ونگ میں لاہور سمیت پنجاب کے 38 تھانے ہوں گے،لاہور میں ڈیجیٹل کرائم ونگ کے 4 تھانے بنیں گے، ایڈیشنل آئی جی رینک کا افسر ڈیجیٹل کرائم ونگ کا سربراہ ہو گا۔

انہوں نے بتایا کہ ڈیجیٹل کرائم ونگ میں دو ڈی آئی جیز ہوں گے جن میں ڈی آئی جی سپیشل انویسٹی ونگ اور ڈی آئی جی پٹرول ونگ شامل ہیں، ڈی آئی جی سپیشل انویسٹی گیشن ونگ پنجاب بھر کے تھانوں کو دیکھیں گے جبکہ ڈی آئی جی پٹرول ہائی پروفائل کیسز کی تفتیش کے معاملات کو سپر وائز کریں گے۔

پولیس حکام کے مطابق لاہور میں ایس ایس پی رینک کا آفسر ڈیجیٹل کرائم ونگ کا سربراہ ہو گا، لاہور کی 4 ڈویژن میں ایس پی رینک کا افسر سربراہ ہو گا، فیصل آباد، روالپنڈی، گوجرانوالہ، ملتان میں ایس ایس پی رینک کا افسر ڈیجیٹل کرائم ونگ کا سربراہ ہو گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں