صدر مملکت اور وزیراعظم کا بلوچستان میں کامیاب کارروائیوں پر فورسز کو خراج تحسین

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہبازشریف نے بلوچستان میں فتنہ الہندوستان کے خلاف کامیاب کارروائیوں پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔

صدر مملکت نے مستونگ، نوشکی، زہری، خضدار اور کیچ میں دہشت گردوں کے خلاف موثر کارروائیوں میں 17 دہشت گردوں کی ہلاکت کو سراہتے ہوئے کہا کہ ملک سے بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے ناسور کا جڑ سے خاتمہ کیا جانا اولین ترجیح ہے۔

صدرِ مملکت نے کہا کہ فتنہ الہندوستان اور اس کے سہولت کاروں کے مذموم عزائم کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بلوچستان میں انسداد دہشت گردی کی کامیاب کارروائیوں پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے امن، استحکام اور ترقی کے خلاف ہر سازش کو ناکام بنایا جائے گا۔

وزیراعظم نے بلوچستان کے مختلف اضلاع میں کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز پر سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور بہادری کو سراہا۔

انہوں نے بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الہندوستان کے 17 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ قوم اپنی بہادر افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیوں اور خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں