کراچی میں جشنِ آزادی گدھا گاڑی ریس، کوئل نے میدان مار لیا

کراچی: جشنِ آزادی کے موقع پر کراچی میں روایتی گدھا گاڑی ریس کا انعقاد کیا گیا، جس میں شہر بھر سے 40 گدھا گاڑیوں نے حصہ لیا، دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے میں مجید بلوچ کا گدھا کوئل پہلی پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب رہا۔

ریس نیتی جیٹی پل سے شروع ہوکر کمشنر آفس پر اختتام پذیر ہوئی۔ فاتح گدھے پر مجید بلوچ نے سواری کی، جبکہ پیتل بخش کے چیما والا نے دوسری اور شاہ جہاں بلوچ کے لال بادشاہ نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔

تقریب میں کمشنر کراچی حسن نقوی مہمان خصوصی تھے، جبکہ ایڈیشنل آئی جی کراچی آزاد خان اور ڈی آئی جی ٹریفک پیر محمد شاہ سمیت دیگر شخصیات نے بھی شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی کراچی آزاد خان نے کہا کہ وہ بچپن سے گدھا گاڑی ریس دیکھتے آئے ہیں اور خود کیماڑی میں رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وقت کے ساتھ یہ ریس کم ہوگئی ہے اور یہ روایتی کھیل بھی محدود ہوتا جا رہا ہے۔

آزاد خان نے کہا کہ کمشنر کراچی اور ان کی ٹیم کا بڑا کردار ہے جنہوں نے گدھا گاڑی ریس کی روایت کو زندہ رکھا ہوا ہے، انہوں نے کہا کہ لیاری کراچی کا دل ہے اور انہوں نے اپنی ملازمت بھی لیاری سے شروع کی تھی۔

ایڈیشنل آئی جی نے کہا کہ اس روایتی کھیل کو فروغ دینے کے لیے سپانسرز کی ضرورت ہے، کیونکہ گدھا گاڑی ریس ایک مہنگا شوق ہے، انہوں نے ریس میں حصہ لینے والے تمام افراد کو مبارکباد بھی پیش کی۔

ریس کے اختتام پر کامیاب کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے گئے، پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے عبدالمجید کو 50 ہزار روپے نقد اور ٹرافی، دوسری پوزیشن حاصل کرنے والے کو 30 ہزار روپے نقد اور ٹرافی، جبکہ تیسری پوزیشن حاصل کرنے والے شاہ جہاں بلوچ کو 20 ہزار روپے نقد انعام اور ٹرافی دی گئی۔

کمشنر کراچی حسن نقوی اور ایڈیشنل آئی جی کراچی آزاد خان نے فاتحین میں انعامات تقسیم کیے، جشنِ آزادی کے موقع پر منعقد ہونے والی اس روایتی ریس نے شہریوں کو محظوظ کیا اور کراچی کی ثقافتی و کھیلوں کی روایات کو اجاگر کیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...