برمنگھم ٹیسٹ کا پہلا روز، قومی ٹیم 133 رنز پر ڈھیر، انگلینڈ کو 23 رنز کی برتری

برمنگھم : (دنیا نیوز) برمنگھم کے ایجبسٹن کرکٹ گراؤنڈ میں تیسرے اور آخری ٹیسٹ کے پہلے روز پاکستان کی بیٹنگ ایک بار پھر ناکام ہوگئی، پوری ٹیم پہلی اننگز میں صرف 133 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی، جواب میں انگلینڈ نے 4 وکٹوں کے نقصان پر 156 رنز بنا کر 23 رنز کی برتری حاصل کرلی۔

انگلینڈ کے کپتان جو روٹ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، میزبان ٹیم نے ہیڈنگلے اور لارڈز ٹیسٹ کی پلیئنگ الیون برقرار رکھی، جبکہ پاکستان نے چار تبدیلیاں کیں۔

پاکستان کی جانب سے وکٹ کیپر غازی غوری، آل راؤنڈر عمران رندھاوا اور فاسٹ بولر رضا اللہ نے ٹیسٹ ڈیبیو کیا، جبکہ صائم ایوب کی ٹیم میں واپسی ہوئی۔

پاکستان کا آغاز انتہائی مایوس کن رہا اور جنوری 2025 کے بعد ٹیسٹ ٹیم میں واپس آنے والے صائم ایوب تیسرے اوور میں 10 گیندوں پر صفر بنا کر آؤٹ ہوگئے۔

اس کے بعد پاکستانی بیٹرز وقفے وقفے سے پویلین لوٹتے رہے اور کھانے کے وقفے تک پاکستان کی 7 وکٹیں گر چکی تھیں۔ سعود شکیل 7 رنز پر خوش قسمت رہے جب سلپ میں بین ڈکٹ نے گس ایٹکنسن کی گیند پر ان کا کیچ چھوڑ دیا۔

پاکستان کے پہلے 7 بیٹرز ڈبل فیگر میں بھی داخل نہ ہوسکے، تاہم سعود شکیل نے مزاحمت کرتے ہوئے 47 گیندوں پر 9 چوکوں کی مدد سے 43 رنز بنائے اور ٹیم کے ٹاپ اسکورر رہے۔

رضا اللہ نے 11 جبکہ محمد عباس نے 21 رنز کی اننگز کھیلی، جس کے بعد پاکستان کی پوری ٹیم 33.5 اوورز میں 133 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

انگلینڈ کی جانب سے جوش ٹنگ نے 42 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں، اولی رابنسن اور جوفرا آرچر نے 3، 3 پاکستانی بیٹرز کو آؤٹ کیا۔ صائم ایوب کو ایل بی ڈبلیو کرکے اولی رابنسن نے ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی 100 ویں وکٹ بھی مکمل کی۔

جواب میں انگلینڈ نے پہلے دن کے اختتام تک 39 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 156 رنز بنا لیے۔ اوپنر ایمیلو گے نے 60 رنز کی اننگز کھیلی، جبکہ ہیری بروک 52 اور ڈین لارنس 5 رنز پر ناٹ آؤٹ ہیں۔

پاکستان کی جانب سے ڈیبیو کرنے والے فاسٹ بولر رضا اللہ نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

واضح رہے کہ پاکستان کو سیریز کے پہلے ٹیسٹ میں اننگز اور 103 رنز جبکہ دوسرے ٹیسٹ میں 194 رنز کے بڑے مارجن سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...