9 مئی واقعات، دہشتگردوں کی تربیت کرنے والے کو چھوڑنا قبول نہیں: جاوید لطیف

شیخوپورہ: (دنیا نیوز) مسلم لیگ (ن) کے رہنما جاوید لطیف نے کہا ہے کہ 9 مئی کو میانوالی ایئر بیس کو جلانے کیلئے پٹرول کے ڈرم لے جائے گئے جو پکڑ لیے گئے، 9 مئی کے دہشت گردوں کا مقصد میانوالی ایئر بیس کو آگ لگانا تھا۔

شیخوپورہ میں عوامی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر جاوید لطیف نے کہا ہے کہ زمان پارک میں ایک سال تک دہشت گردوں کی تربیت کون کرتا رہا، زمان پارک میں دہشت گردی کی تربیت کرنے والوں اور عالمی قوتوں کے ایجنٹ کو چھوڑنا قبول نہیں کریں گے، اب اگر زمان پارک کے چھوٹے بٹیروں کو لٹکا کر کیفر کردار تک پہنچا دیا جائے تو قوم معاف نہیں کرے گی۔

مسلم لیگ (ن) کے رہنما جاوید لطیف نے کہا جلسوں میں مذہبی ٹپ دینے والا کلمہ طیبہ سے مخلص نہیں ہو سکتا، کبھی نہیں سنا تھا کہ ساس کا کیس داماد جسٹس سنے، 9 مئی کے غداروں کے فیصلے دو دو گھنٹوں میں آ رہے ہیں، پاکستان میں منصوبہ بندی کے تحت بے حیائی کو داخل کیا جا رہا ہے، ہم کہتے تھے ایک منصوبہ بندی سے پاکستانی قوم میں تفریق پیدا کی جا رہی ہے۔

وفاقی وزیر جاوید لطیف نے مزید کہا ہے کہ آئی ایم ایف عالمی قوتوں کا ہتھیار ہے اگر ہم امپورٹڈ حکومت ہیں تو آئی ایم ایف سے معاہدہ کیوں نہیں ہو رہا، یہاں 9 مئی کے دہشت گردوں کو ججز گیٹ سے پروٹوکول دیا جا رہا ہے، کیا کچے کے ڈاکوؤں کو بھی عدالت میں خوش آمدید کہا جائے گا، عدالتوں میں دہشت گردوں کو ایک دن میں 25، 25 ضمانتیں دی جا رہی ہیں۔
 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں