عمران این آر اوکیلئے انٹرنیشنل لابی سے رابطے میں ہیں ، فرار نہیں ہونے دینگے : شرجیل میمن

کراچی : (دنیانیوز) پیپلزپارٹی کے رہنما اور صوبائی وزیر شرجیل میمن کاکہنا ہے عمران خان انٹرنیشنل لابی سےرابطے میں ہیں اور این آراوحاصل کرنا چاہتے ہیں، ان کو ملک سے فرار ہونے نہیں دینگے ۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے  پیپلزپارٹی کے رہنما اور صوبائی وزیر شرجیل میمن نے کہا  کہ ایم کیوایم اپنی پارٹی کے اختلافات کی وجہ سے سندھ حکومت پر تنقید نہ کرے بلکہ اپنے اختلافات پارٹی کے اندر نمٹائے، جب وزیراعلیٰ سندھ نے مردم شماری کا مسئلہ اٹھایا تھا اس وقت یہ لوگ سورہے تھے۔

رہنما پی پی پی کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی نے پورے سندھ کے حقوق کیلئے آواز اٹھائی، اور سب سے زیادہ ترقیاتی فنڈز کراچی کیلئے جاری ہوئے، اس شہر میں علاج کی بہترین سہولیات موجود ہیں، سندھ بھر سے لوگ علاج کرانے یہاں آتے ہیں۔

صوبائی وزیر نے سابق وزیراعظم پر تنقید کرتے ہوئے کہا  کہ عمران خان نے وفاقی حکومت سے مذاکرات کیلئے کمیٹی بنائی ہے، جب کہ ان کی مذاکراتی کمیٹی روپوش ہے، بلاول بھٹوزرداری کہہ چکے ہیں کہ عمران خان پہلے قوم سے معافی مانگیں پھر مذاکرات ہوں گے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان پہلے تو کہتے تھے مر جاؤں گا ڈاکوؤں سے مذاکرات نہیں کروں گا، آج مذاکرات کیلئے کیوں بھیک مانگ رہے ہیں۔

شرجیل میمن نے کہا کہ کارکن جیلوں میں ہیں لیکن عمران خان کو کوئی پروا نہیں، وہ کارکنوں کو ذاتی مقاصد کیلئے استعمال کرتے ہیں، عمران خان کو عدلیہ سے ریلیف مل رہا ہے، ایسا تحفظ آج تک کسی کو نہیں ملا، کہا گیاعمران خان صاحب مذمت کر لیجئے گا، ملزم آپ کے سامنے کھڑا ہے پھر بھی ضمانت دے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کیپٹل ہل حملے کے ماسٹرمائنڈ کو 18سال قید سنائی گئی ہے، جناح ہاؤس پرحملہ کرنے والوں کو سزا کیوں نہیں ہوسکتی، 9مئی کو حکومت اور اداروں نے صبر کا مظاہرہ کیا، عمران خان اپنے خاندان کیلئے این آراو مانگ رہے ہیں، حکومت نے ان لوگوں کےنام ای سی ایل پرڈال دیئے ہیں، ان کو ملک سے فرارہونے کا موقع نہیں دیں گے۔
 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں