پی ٹی آئی سیاسی جماعت نہیں جتھہ ہے، اس پر پابندی لگنی چاہیے: رانا تنویر

نارنگ منڈی: (دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور وفاقی وزیر تعلیم رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی اب سیاسی جماعت نہیں جتھہ ہے، اس پر پابندی لگنی چاہیے، مذاکراتی ٹیم ہی چند روز بعد پی ٹی آئی چھوڑ گئی تو مذاکرات کس سے کریں گے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر تعلیم رانا تنویر حسین نے کہا کہ مذاکرات جمہوری عمل کا حصہ ہیں مگر دہشت گردوں سے مذاکرات نہیں ہوں گے، عمران خان ایک بلبلا تھا جو چند ورغلائے افراد کا شو تھا، 28 مئی سنہری جبکہ 9 مئی یوم سیاہ بن چکا ہے، پی ٹی آئی شرپسند جماعت اور عمران خان سیاست کا ڈراؤنا خواب بن چکا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے معاملات افسوسناک ہیں، آڈیو لیکس میں جن پر الزامات ہیں وہی منصف بنے بیٹھے ہیں، کڑی شرائط تسلیم کرنے کے باوجود آئی ایم ایف کا پیکج منظور نہ کرنا بین الاقوامی ایجنڈے کا حصہ ہے، بجٹ میں سرکاری ملازمین کو گنجائش سے زیادہ ریلیف دیا جائے گا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں