عمران خان کو ووٹ دے کر نوجوانوں نے بہت بڑی غلطی کی: رانا ثنا اللہ

فیصل آباد: (دنیا نیوز) وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف کی واضح ہدایات ہیں کہ ہم کسی بے گناہ کو گرفتار نہیں کریں گے، جن کا جرم قابل معافی نہیں ہے انہیں کسی صورت معافی نہیں ملے گی، نوجوانوں نے عمران خان کو ووٹ دے کر بہت بڑی غلطی کی۔

فیصل آباد میں ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے لوگوں نے ملکی دفاع کو نقصان پہنچایا، یہ کلبھوشن سے کم سزاوار نہیں ہیں، اب عمران نیازی کہتا ہے کہ ہم اس سے مذاکرات کر لیں، اب یہ فوج سے ڈر رہا ہے، اب یہ نئی سکیمیں سوچ رہا ہے، ملکی دفاع کو نقصان پہنچانے والوں کے خلاف فوج کیوں نہ کارروائی کرے۔

وزیر داخلہ نے مزید کہا ہے کہ اس بے شرم کا کوئی پتہ نہیں کہ یہ آج ہی رات کوئی واقعہ کر دے، اللہ نے اس فتنے کو نمایاں کر دیا، اس نے ثابت کر دیا کہ یہ ایک ملک دشمن انسان ہے، اس نے اس بات کا ثبوت دیا کہ یہ سیاست دان نہیں، اس کے ساتھ ہم کیسے مذاکرات کریں گے، اس کے جعلی ٹائیگرز سب بھاگ گئے ہیں، ہمارے لوگ تو تین، تین سال جیل کاٹ چکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: سکیورٹی ایجنسیوں نے پی ٹی آئی کی ملک کو بدنام کرنیکی سازش بے نقاب کر دی: رانا ثنا

مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا ثنا اللہ نے کہا کہ ہمارے رہنماؤں نے جیل کاٹنے کے بعد بھی کہا کہ ہم اپنے قائد کے ساتھ ہیں، اس فتنے نے جو میرے خلاف کیس بنائے اس کی سزا موت تھی، جب مجھے گرفتار کیا تھا تب بھی میں اپنی پارٹی کے ساتھ کھڑا تھا آج میں اپنی پارٹی اور لیڈر کے ساتھ ایک ہزار فیصد کھڑا ہوں، انہوں نے آٹھ دن جیل میں گزارے اور رونے لگ گئے۔

انہوں نے مزید کہا ہے کہ یہ کہتے تھے کہ مسلم لیگ (ن) کو سیاست نہیں کرنے دیں گے، گورنر صرف 12 دن قید کاٹ کر پی ٹی آئی کو خدا حافظ کر گیا، مجھے رات پونے 12 بجے بتایا گیا کہ پی ٹی آئی نے سازش تیار کی ہے، انٹیلی جنس ایجنسیوں نے ایک گفتگو پکڑی ہے، جس میں ایک مذموم سازش سامنے آئی، آڈیو میں کسی گھر پر حملے کا ڈرامہ رچانے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ امریکا میں جا کر بھی خان کہتا تھا کہ نواز شریف کو جیل میں کھانا مل رہا ہے اور دوائیاں مل رہی ہیں، یہ کہتا تھا کہ میں جا کر سب سے پہلے نواز شریف کی اسائشیں ختم کروں گا۔
 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں