کراچی: شاپنگ مال میں آتشزدگی، جاں بحق افراد کی تعداد 5 ہوگئی

کراچی: (دنیا نیوز) شہر قائد کے علاقے عائشہ منزل کے قریب آگ سے متاثرہ رہائشی عمارت سے ایک اور نعش نکال لی گئی، واقعے میں جاں بحق افراد کی تعداد 5 ہوگئی۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق متوفی دم گھٹنے اور جھلسنے سے جاں بحق ہوا، نعش شاپنگ مال کی پہلی منزل سے ملی ہے جسے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

دوسری جانب سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) نے متاثرہ عمارت کو سیل کر دیا ہے، عمارت میں داخلے سے روکنے کیلئے پولیس کی نفری بھی تعینات کر دی گئی ہے، عرشی سینٹر کی عمارت کو سیل کر دیا گیا ہے، معائنے کے بعد فیصلہ ہوگا کہ عمارت استعمال کے قابل ہے یا نہیں۔

یہ بھی پڑھیں:کراچی میں آتشزدگی کا خوفناک واقعہ، 4 افراد جاں بحق، 2 شدید زخمی

ترجمان کا کہنا ہے کہ کولنگ کے عمل کے بعد ایس بی سی اے کی کمیٹی عمارت کا معائنہ کرے گی، کمیٹی عمارت کے معائنے کے بعد رپورٹ پیش کرے گی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز کراچی کے علاقے عائشہ منزل کے قریب عرشی شاپنگ سینٹر میں خوفناک آتشزدگی نے رہائشی عمارت کو بھی لپیٹ میں لے لیا تھا، آگ سے جھلس کر 4 افراد جاں بحق ہوگئے تھے جبکہ 50 سے زائد دکانیں جل کر خاکستر ہوگئی تھیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں