خفیہ اطلاع پر وزیرتعلیم کا چھاپہ، نقل کرواتے عملہ رنگے ہاتھوں پکڑا گیا

لاہور: (دنیا نیوز) وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے نقل کی شکایت ملنے پر ساندہ میں امتحانی مرکزمیں چھاپہ مار کر 5 افراد کر گرفتار کروا دیا۔

تفصیلات کے مطابق وزیر تعلیم کی خفیہ ٹیموں کی امتحانی مراکز کی مانیٹرنگ جاری، ساندہ میں نقل کی اطلاع ملنے پر وزیر تعلیم متعلقہ امتحانی مرکز پہنچ گئے، گورنمنٹ ایم آئی ہیپی سکول نیشنل ٹاؤن ساندہ میں بڑے پیمانے پر نقل کی جا رہی تھی جسے وزیر تعلیم نے نقل کرواتے عملہ کو رنگے ہاتھوں پکڑ لیا۔

ذرائع کے مطابق وزیر تعلیم کے اچانک پہنچے پر نگران عملہ حواس باختہ ہو گیا، سپرنٹینڈنٹ اور نگران عملہ نقل میں ملوث پایا گیا، بعض امیدوار دوسرے امیدراوں کی جگہ پرچہ دیتے بھی پائے گئے، وزیر تعلیم نے نقل کے جرم میں ملوث عملہ کے 5 افراد گرفتار کروا دیئے۔

اس موقع پر وزیراعظم رانا سکندر حیات نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میرے اور مریم نواز کے ہوتے ہوئے بوٹی مافیا کو پنپنے کی اجازت نہیں ملے گی، بوٹی مافیا کی ہر صورت سرکوبی کی جائے گی، طلبہ کے مستقبل سے کھیلنے کی اجازت کسی کو بھی نہیں دی جا سکتی۔

انہوں نے کہا کہ جب تک مریم نواز اور رانا سکندر حکومت میں ہیں، بوٹی مافیا کے ساتھ رعایت نہیں برتی جائے گی، بوٹی مافیا کو متنبہ کر رہا ہوں کوئی بھی ریڈ لائن عبور نہ کرے، ریڈ لائن عبور کرنے والوں کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں