ملک میں ایکس پر پابندی ختم کی جائے : خواجہ سعد رفیق

لاہور: (دنیانیوز) رہنما مسلم لیگ ن خواجہ سعد رفیق نے حکومت سے ٹوئٹر (ایکس ) پر پابندی ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔

رہنما مسلم لیگ ن خواجہ سعد رفیق نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر ہی پیغام میں کہا کہ ملک میں ٹوئٹر (ایکس) پر پابندی ختم کی جائے، نگران دور میں لگائی گئی اس پابندی کا کسی کو کوئی فائدہ نہیں ہوا۔

انہوں نے کہا کہ جگ ہنسائی سے بچاجائے، سیاست کا مقابلہ صرف سیاست سے ہوگا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد ہائی کورٹ میں وزارت داخلہ اور پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن (پی ٹی اے) کی جانب سے رپورٹس جمع کرائے جانے کے باوجود ایکس کی سروس بحالی سے متعلق فیصلہ نہ ہوسکا تھا۔

یاد رہے کہ پاکستان بھر میں 17 فروری سے ٹوئٹر (ایکس ) کی سروس معطل ہے اور گزشتہ دو ماہ کے دوران متعدد بار اس کی سروس کو جزوی طور پر بحال کیا گیا لیکن مکمل طور پر اسے آپریشنل نہ کیا جا سکا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں