سندھ حکومت کا ٹیکس چوروں کے نام اخبارات میں شائع کرنے کا فیصلہ

کراچی :(دنیا نیوز) حکومت سندھ نے ٹیکس چوروں کے نام اخبارات میں شائع کرنے کا فیصلہ کر لیا۔

سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا، ایکسائز ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول کے سیکرٹری سلیم راجپوت، ڈی جی اورنگزیب پنہور، ڈائریکٹرز اور دیگر افسران شریک ہوئے۔

 سینئر  صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن کا کہنا تھا کہ ٹیکس چور ملکی خوشحالی کے دشمن ہیں، ان کو کسی بھی صورت بخشا نہیں جائے گا، ٹیکس چوروں کے نام اخبارات میں شائع کئے جائیں گے، ان کے اکاؤنٹ منجمند کرنے کے لئے بھی اقدامات کریں گے۔

انہوں نے صوبے بھر میں منشیات فروشوں کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کو سراہاا ور کریک ڈاؤن کے دوران بہترین کارکردگی دکھانے والے افسران کی تعریف اور کارروائیوں میں مزید تیزی لانے کی ہدایت کی۔

 شرجیل انعام میمن نے منشیات فروشوں کے خلاف گھیرا تنگ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ منشیات فروش ملک و قوم کے مستقبل کے دشمن ہیں،ان کے ساتھ کوئی نرمی نہیں برتی جائے گی، زیرو ٹالرنس پالیسی کی تحت صوبے بھر میں منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیاں جاری رکھی جائیں۔

سینئر صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ منشیات فروشوں اور ٹیکس چوروں کے خلاف کارروائیوں کے لئے پولیس کے قابل افسران اور جوانوں کو ڈیپوٹیشن پر محکمہ ایکسائز میں لایا جائے گا، ابتدائی طور پر کراچی اور حیدرآباد میں پولیس افسران ڈیپوٹیشن پر محکمہ ایکسائز میں لائے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ منشیات کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کرنی ہیں، متعلقہ ادارے ہمہ وقت تعاون کریں گے، منشیات فروشوں کی پراسیکیوشن اور انویسٹی گیشن مضبوط کی جائے۔

شرجیل انعام میمن نے اجلاس میں بہترین کارکردگی والے افسران اور مخبروں کو انعامات دینے کا بھی فیصلہ کیا ، اجلاس میں گاڑیوں کی رجسٹریشن اور منتقلی بائیومیٹرک کے تحت کرنے کی تجویز پیش اور محکمہ ایکسائز سے متعلقہ تمام اسٹیک ہولڈرز کی شکایات کے ازالے کے لئے اقدامات کی ہدایت کی ۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں