نامزد گورنر پنجاب سلیم حیدر خان کی آج حلف برداری، بلاول بھٹو شرکت کریں گے

لاہور: (دنیا نیوز) پیپلز پارٹی کے رہنما سلیم حیدر خان آج گورنر پنجاب کے عہدے کا حلف اٹھائیں گے، بلاول بھٹو زرداری بھی حلف برداری میں شرکت کریں گے۔

پیپلز پارٹی کی جانب سے نامزد گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے 2 روز قبل عہدے کا حلف اٹھانا تھا تاہم موجودہ گورنر بلیغ الرحمان کی ملک میں غیر موجودگی کی وجہ سے حلف برداری ملتوی کر دی گئی، مسلم لیگ ن نے پی پی قیادت سے حلف برداری ملتوی کرنے کی درخواست کی تھی۔

سردار سلیم حیدر خان آج گورنر پنجاب کے عہدے کا حلف اٹھائیں گے، حلف برداری کی تقریب شام 6 بجے گورنر ہاؤس میں منعقد ہو گی، چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ نئے گورنر سے حلف لیں گے، تقریب حلف برداری کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں، حلف برداری تقریب میں شرکت کیلئے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری آج لاہور پہنچیں گے اور دو روز قیام کریں گے۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما، جیالے، صوبائی کابینہ کے ممبران، مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں سمیت دیگر افراد حلف برداری کی تقریب میں شرکت کریں گے۔
 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں