لاہور میں آندھی کے ساتھ بارش، مختلف علاقوں میں بجلی غائب

لاہور: (دنیا نیوز) شہر میں تیز آندھی کے ساتھ بارش ہوئی جس کے بعد مختلف علاقوں میں بجلی غائب ہو گئی۔

ایبٹ روڈ، لکشمی چوک، فتح گڑھ، ہربنس پورہ سمیت دیگر علاقوں میں گرد آلود ہوائیں چلنے کے ساتھ بارش ہوئی، علامہ اقبال روڈ، رنگ روڈ، دھرم پورہ اور شملہ پہاڑی کے گردونواح میں بھی بارش ہوئی۔

آندھی اور بارش کے باعث بجلی کا ترسیلی نظام بری طرح متاثر ہو گیا، لیسکو کے 320 سے زائد فیڈرز ٹرپ کر گئے، فیڈرز ٹرپ ہونے اور دیگر تکنیکی خرابیوں کے باعث متعدد علاقوں میں بجلی بند ہو گئی۔

گجومتہ، کاہنہ، حمزہ ٹاؤن، فیروز پور روڈ، چونگی امرسدھو، والٹن، یوحنا آباد، باغبانپورہ، گڑھی شاھو، صدر، بھٹہ چوک، بیدیاں روڈ اور علی پارک کے مختلف علاقوں میں بجلی بند ہو گئی۔

اس کے علاوہ قلعہ گجر سنگھ، مغل پورہ، سبزہ زار، گلشن راوی، سمن آباد، شالیمار ، مصطفیٰ آباد، چائنہ سکیم سمیت مختلف علاقوں میں بھی بجلی بند ہو گئی، بجلی کی بندش سے شہری پریشان ہو گئے۔

ذرائع کے مطابق علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر آندھی کے باعث تمام کاؤنٹرز، بریفنگ ہال اور ڈیپارچر ہال کی لائٹس بند ہو گئیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں