حماس کے سربراہ اسماعیل ہانیہ کی شہادت پر سیاسی رہنماؤں کا رد عمل

لاہور: (دنیانیوز) فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس کے سیاسی ونگ کے سربراہ اسماعیل ہانیہ کو ان کی رہائش گاہ پر حملہ کر کے شہید کیے جانے کے بعد پاکستان میں مختلف سیاسی رہنماؤں کی جانب سے ردعمل سامنے آیا ہے۔

مولانا فضل الرحمان

جمیعت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے حماس کے سربراہ اسماعیل ہانیہ کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہارکیا ہے ۔

مولانا فضل الرحمان نے اپنے تعزیتی بیان میں کہا کہ اسماعیل ہانیہ کے خاندان اور فلسطینیوں کے غم میں برابر کی شریک ہے، اسماعیل ہانیہ کی شہادت سے فلسطین کی آزادی کی تحریک ختم نہیں ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ اسماعیل ہانیہ سے جب ملاقات ہوئی وہ شہادت کے جذبہ سے سرشار تھے، ان کی اور انکے خاندان کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔

مولانا فضل الرحمان نے جمعہ کو ملک میں اسرائیلی جارحیت اور اسماعیل ہانیہ کی شہادت پر احتجاج کی کال دے دی ۔

گورنرخیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی

گورنرخیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے حماس رہنما اسماعیل ہانیہ کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسماعیل ہانیہ کی شہادت پر فلسطینی عوام سے اظہار تعزیت کرتے ہیں، ان کی شہادت کی خبر فلسطینی عوام سمیت پوری امت مسلمہ کیلئے افسوسناک ہے۔

پی پی پی رہنما نے کہا کہ اسماعیل ہانیہ نے سیاسی سطح پر فلسطینیوں کی حقوق کیلئے ہرفورم پر آواز اٹھائی ، انہوں نے ہمیشہ فلسطین کے ساتھ کشمیر کی آزادی کیلئے بھی آواز اٹھائی،ان کے قتل سے وسط ایشیاء میں کشیدگی میں مزید اضافہ ہو گا۔

شیری رحمان 

حماس سربراہ کی شہادت پر پیپلز پارٹی رہنما شیری رحمان نے اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ یہ بہت ہی تشویشناک اور مزاحمت خیز حملہ ہے، یہ ایک ٹارگٹڈ حملہ تھا اور ایسا اقدام مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کو مزید بڑھائے گا، مجھے لگتا ہے اسرائیل نے سب کو پیغام دیا ہے کہ ان کو دہشتگردی کی کھلی چھوٹ ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایران میں ایک سربراہی تقریب ہورہی تھی، ایک فضا تھی کہ غزہ اور ہر جگہ امن کی شروعات ہو، غزہ میں تاریخی نسل کشی ہوئی ہے، اسرائیل نے جان بوجھ کر امن کی بات پر پانی پھیر دیا ہے، اسرائیل نے تاثر دیا ہے ہم یہ کرتے رہیں گے کوئی روک نہیں سکتا، ساری دنیا کو اس کا سخت نوٹس لینا چاہیے، اقوام متحدہ ،او آئی سی اور تمام فورم پر اس کی مذمت کرنی چاہیے۔

امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان

امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے حماس کے سربراہ اسماعیل ہانیہ کی شہادت پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل اوراسکے سرپرستوں کو ظلم کی قیمت چکانا ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں : اللہ کا شیرسرخرو ہوا، اسرائیل کواس ظلم کی قیمت چکانا ہوگی : حافظ نعیم الرحمان

مشاہد حسین سید

مسلم لیگ ن کے رہنما مشاہد حسین سید نے کہا ہے کہ اسماعیل ہانیہ کی شہادت کے بعد یہ کشیدگی اور جنگ مزید بڑھے گی۔

مشاہد حسین سید نے کہاکہ اسرائیل کی جانب سےجنگ بندی کی باتوں کو سبوتاژ کردیا گیا ہے، یہ فلسطینی جنگ آزادی کیلئے بہت بڑا دھچکا ہے، ان کو ایران کے دارالخلافہ تہران میں شہید کیا گیا، یہ ایرانی سکیورٹی اور انٹیلی جنس اداروں کی بہت بڑی ناکامی ہے۔

ان کاکہنا تھا کہ اسرائیل نےیہ قدم اٹھانے سے پہلے امریکیوں کو لازمی تحفظ میں لیا ہوگا، اسماعیل ہانیہ کشمیر کی آزادی کیلئےبہت آواز اٹھاتے تھے، اسرائیل نے اب مشرق وسطیٰ میں ایکشن شروع کردیا ہے ۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں