اسماعیل ہانیہ کی شہادت سے خطے میں بدامنی بڑھے گی: عمر ایوب

اسلام آباد: (دنیا نیوز) اپوزیشن لیڈر عمر ایوب خان نے کہا کہ اسماعیل ہانیہ کی شہادت کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں، اسماعیل ہانیہ کی شہادت سے خطے میں بد امنی بڑھے گی۔

عمر ایوب نے کہا کہ  ہمارے بھائی حاجی امتیاز کے اوپر تشدد کیا گیا، آج انہیں عدالت میں پیش کرنا تھا لیکن نہیں کیا گیا، مولا جٹ کی فلم چلائی گئی، پنجاب پولیس اور خفیہ اداروں نے مشترکہ آپریشن کیا۔

اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ یہاں نہ آئین ہے نہ قانون ہے، کیا ہم سب بچے ہیں؟ سب اندھے ہیں؟ ہمیں سب نظر آرہا ہے، کیا یہ جمہوریت ہے؟ ہم اس کی شدید مذمت کرتے ہیں، حکومت یاد رکھے یہ پہیہ بہت جلدی گھومتا ہے، وقت کے فرعونوں کو جواب دینا ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ جو بھی اہلکار فارم 47 کی حکومت کے کارندے بنے ہوئے ہیں ان کے نام ہمارے پاس ہیں، سب کے خلاف کارروائی ہوگی، وقت کے فرعونوں کو منتیں کرتے دیکھا ہے۔

عمر ایوب نے کہا کہ سوشل میڈیا کے بچوں کو اٹھا کر ان پر تشدد کیا جارہا ہے، فائر وال نصب کی جارہی ہے۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں