بارش کا 44 سالہ ریکارڈ ٹوٹا، چند گھنٹوں میں پانی کی نکاسی کر دی گئی: عظمیٰ بخاری

لاہور: (دنیا نیوز) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ لاہور میں بارش کا 44 سال کا ریکارڈ ٹوٹا لیکن چند گھنٹوں میں ہسپتالوں، شاہراہوں سے پانی کی نکاسی کر دی گئی۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا کہ عوام کی تکالیف میں کمی کیلئےاقدامات حکومت کی ذمہ داری ہے، اس وقت تک 337 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، بارشوں کو نہ روکا جا سکتا ہے اور نہ کم کیا جا سکتا ہے، ایسے حالات میں عوام کی تکالیف کو کم کیا جانا چاہئے۔

صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ لٹن روڈ پر بارش کا پانی نکالنے کیلئے کام جاری ہے، قذافی سٹیڈیم کے اطراف سے بھی پانی نکالا جا رہا ہے، سروسز ہسپتال کو بارش کی وجہ سے زیادہ ہائی لائٹ کیا گیا، سروسز ہسپتال کی بیسمنٹ میں ایک کھڑکی کھلی رہنے سے پانی آیا۔

یہ بھی پڑھیں: لاہور میں موسلادھار بارش: 44 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا، جل تھل ایک، نظام زندگی مفلوج

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز صورتحال کو خود مانیٹر کر رہی ہیں، انتظامیہ کو احکامات تھے کہ جلد سے جلد پانی کی نکاسی کی جائے۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں بارشوں سے پیدا ہونیوالی صورتحال سب کے سامنے ہے، کسی کو بھی قدرتی آفات پر سیاست نہیں کرنی چاہئے، خیبرپختونخوا کےعوام بھی ہمارے ہیں، خیبرپختونخوا میں ہسپتال پانی سے ڈوبے ہوئے ہیں۔

وزیراطلاعات پنجاب نے کہا کہ باتیں وہ کر رہے ہیں جن کے پاس 11 سال سے خیبرپختونخوا کی حکومت ہے، کیا مشہور پروپیگنڈا سیل کے صحافیوں نے خیبرپختونخوا کی ویڈیوز دیکھی ہیں، خیبرپختونخوا کے لوگ ڈینگی سے مر رہے تھے اور لیڈر پہاڑوں پر تھا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں