گورنر سندھ اور پنجاب کی پوری قوم کو 77 ویں یوم آزادی کی مبارکباد

لاہور : (دنیانیوز) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان اور گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے قوم کو 77 ویں یوم آزادی پرمبارکباد دیتے ہوئے الگ الگ پیغامات جاری کیے ہیں۔

گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے اپنے پیغام میں کہا کہ بانیان پاکستان کی انتھک محنت، لازوال قربانیوں سے یہ وطن حاصل کیا، یوم آزادی کے موقع پر وطن پر اپنی جانیں نچھاور کرنے والے شہداء کو سلام پیش کرتا ہوں۔

گورنر سندھ نے کہا کہ وطن کی آبیاری بابائے قوم کے وژن، نظریات اور افکار کے عین مطابق کرنے کا عہد کرتے ہیں، اس عہد کا بھی اعادہ کرتے ہیں کہ پاکستان کی ترقی، خوشحالی کے لئے کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔

ان کامزید کہنا تھا کہ پاکستان کو جلد عالمی معاشی نقشہ پر نمایاں مقام دلا کر رہیں گے۔

پاکستان ہماری شناخت ہے اور اس کی بقا ہماری بقا ہے: گورنر پنجاب

گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے یوم آزادی پر اپنے پیغام میں کہا کہ آزادی اللہ تعالی کی بہت بڑی نعمت ہے، یہ ملک ہمارے آباؤ اجداد کی بےپناہ قربانیوں اور جدوجہد سے قائم ہوا ہے، ہمیں رب العزت کے اس انعام اور نعمت کی قدر اور پاسبانی کرنی ہے ۔

گورنر پنجاب نے کہاکہ ہمیں اختلافات بھلا کر ایک قوم بن کر سوچنا ہے، آج کا دن ہم سب سے تقاضا کرتا ہے کہ ہم قائداعظم محمد علی جناح اور علامہ محمد اقبال کے افکار پر عمل کریں۔

ان کاکہنا تھا کہ ملک کی ترقی میں اپنا مثبت کردار ادا کریں، پاکستان ہماری شناخت ہے اور اس کی بقا ہماری بقا ہے، ملک کی سلامتی اور امن کی خاطر اپنی قیمتی جانیں قربان کرنے والے فوج اور سکیورٹی فورسز کے جوانوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔

انہوں نے کہاکہ ان ماؤں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں جن کے بیٹے ملک کی سرحدوں کی حفاظت کے لیے اپنا سکھ قربان کرتے ہیں، آج کے دن کشمیری بہن بھائیوں کے لیے خصوصی دعا ہے کہ ان پر جاری ظلم و ستم کا خاتمہ ہو اور انہیں آزادی نصیب ہو۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں