پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس حنین کا دورہ عمان، مشق میں حصہ لیا

راوالپنڈی: (دنیا نیوز) پاکستان بحریہ کے نئے جہاز پی این ایس حنین کا عمان کا دورہ، عمانی بحریہ کیساتھ مشترکہ مشق میں حصہ لیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاکستانی بحریہ کے جہاز حنین نے رومانیہ سے پاکستان کے لیے پہلے سفر کے دوران عمان کی بندرگاہ سلالہ کا دورہ کیا اور رائل عمانی بحریہ کے جہاز کے ساتھ دو طرفہ مشق میں حصہ لیا۔

سلالہ بندرگاہ پہنچنے پر پاک بحریہ کے جہاز کا عمان کی رائل نیوی کے افسران نے پرتپاک استقبال کیا، بندرگاہ پر قیام کے دوران پیشہ ورانہ معلومات اور تجربات کے باہمی تبادلے کے علاوہ مختلف دو طرفہ سرگرمیاں اور نیول یونٹس کے دورے کا انعقاد کیا گیا۔

بندرگاہ کا دورہ مکمل ہونے پر پی این ایس حنین نے عمان بحریہ کے جہاز SADH کے ساتھ بحری مشق کا انعقاد کیا تاکہ دونوں بحری افواج کے درمیان باہمی تعاون کو مزید بڑھایا جا سکے۔

پی این ایس حنین دامن نیول شپ یارڈ رومانیہ میں تعمیر کیے جانے والے پاک بحریہ کے چار یرموک کلاس جہازوں میں سے تیسرا جہاز ہے، جہاز کی پاکستان بحریہ میں باقاعدہ شمولیت کی پرتپاک تقریب نیول ڈاکیارڈ کراچی میں 6 ستمبر کو منعقد کی جائے گی۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں