امریکی قونصل جنرل کی مزار قائد پر حاضری، پھول رکھے، تاثرات قلمبند کیے

کراچی: (دنیا نیوز) امریکی قونصل جنرل سکاٹ اربوم نے مزار قائد پر حاضری دی، انہوں نے مزار قائد پر پھول رکھے اور مہمانوں کی کتاب میں تاثرات درج کیے۔

کراچی میں مزار قائد پر میڈیا سے گفتگو کے دوران سکاٹ اربوم نے کہا ہے کہ کراچی آئے کم وقت ہوا ہے مگر پاکستان کے کلچر اور مہمان نوازی سے بہت خوش ہوں، امریکا قائد اعظم کے متحد، جمہوری اور خوش حال پاکستان کے وژن کی حمایت کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یو ایس پاکستان گرین الائنس کے ذریعے مشترکہ ماحولیاتی چیلنجز سے نمٹیں گے، میری کوشش ہے کہ معاشی تعلقات اور لوگوں سے تعلقات کو مضبوط بناؤں، تعلیم اور کاروبار کے مواقع بڑھانا چاہتا ہوں۔

امریکی قونصل جنرل سکاٹ اربوم کا یہ بھی کہنا ہے کہ سندھ اور بلوچستان کے دورے پر کافی لوگوں سے ملنا چاہتا ہوں، پاک امریکا تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے آپ کے خیالات سے مستفید ہونا چاہتا ہوں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں