نیب قانون کو غلط کہنے والے نے خود سب سے پہلے ریلیف کی درخواست دی: مریم اورنگزیب

لاہور: (دنیا نیوز) مسلم لیگ ن کی ترجمان اور سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ نئے نیب قانون کو غلط کہنے والے نے خود سب سے پہلے ریلیف کی درخواست دی۔

اپنے ایک بیان میں مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ ریاست کے خلاف منصوبہ بندی کر کے حملہ کرنے کے جرم کی کوئی معافی نہیں ہے، این آر او کی بھیک مانگنے والا چاہے جلسی کرے، روئے پیٹے یا چیخے، سزا تو ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ نئے نیب قانون کے تحت ریلیف کی پہلی درخواست 9 مئی کے مجرم نے دی ہے، جنہوں نے نیب قانون کو ’’چوروں کا قانون‘‘ قرار دیا، انہوں نے خود سب سے پہلے ریلیف کی درخواست کیوں دی؟

مریم اورنگزیب نے کہا کہ یہ شخص، جو گھڑی اور توشہ خانہ کا چور ہے اور 190 ملین پاوٴنڈ کا مجرم ہے، دوسروں پر کیچڑ اچھالنے کی آڑ میں خود ’’این آر او‘‘ لے کر بھاگنا چاہتا ہے، یہ شخص ہر روز این آر او کی بھیک مانگتا ہے لیکن اپنے جرم کا حساب نہیں دیتا۔

صوبائی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ جن کو چور کہتا تھا، وہ اس شخص کے ہوتے ہوئے اس کے ظلم کا نشانہ بنے جبکہ انہوں نے اپنے ہر الزام کا جواب دیا، قید کاٹی اور عدالتوں سے سرخرو ہوئے، مگر این آر او کی بھیک نہیں مانگی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں