پاکستان کو دہشتگرد گروہوں سے پاک کرنے کا وقت آگیا: محسن نقوی

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ پاکستان کو دہشت گرد گروہوں سے پاک کرنے کا وقت آگیا ہے۔

وزیر داخلہ محسن نقوی سے عوامی نیشنل پارٹی کے صدر سینیٹر ایمل ولی خان نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور ملکی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا، خیبرپختونخوا میں قیام امن کے لئے اقدامات پر بھی گفتگو ہوئی۔

اس موقع پر محسن نقوی کا کہنا تھا کہ دہشت گردی ہر شکل میں قابل مذمت ہے، دہشت گردی کے خلاف قومی بیانیہ پاکستان کی آواز ہے، دہشت گردی سے نمٹنے کیلئے سب کو ایک ہونا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ اے این پی نے دہشت گردی کا ڈٹ کر مقابلہ کیا ہے، عوامی نیشنل پارٹی کے لوگوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جام شہادت نوش کیا ہے اور ہم انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔

وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ آج سیاسی و گروہی تفریق سے بلند ہو کر پاکستان کو دہشتگرد گروہوں سے پاک کرنے کا وقت آگیا ہے، عوام کی حمایت سے دہشت گردوں کا صفایا کریں گے۔

دوران ملاقات عوامی نیشنل پارٹی کے صدر ایمل ولی خان نے انسداد دہشت گردی کے لئے اے این پی کی حمایت کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں نے معصوم لوگوں کو شہید کیا، اس جنگ میں آپ کے ساتھ ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں