علی امین کو اعتماد کے ووٹ کا مشورہ برادرانہ دیا: فیصل کریم
پشاور: (دنیا نیوز) گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ کے پی حکومت نااہل اور نکمی ہے، وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور کو برادرانہ طور پر اعتماد کے ووٹ کا مشورہ دیا تھا۔
اپنے ایک بیان میں گورنر کے پی فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ ہمارے وزیراعلیٰ کس اچھے کام کیلئے عدالت میں پیش ہوتے ہیں؟ یہ خود نکمے، نااہل اور ناکام ہیں، اتنے میں نے کپڑے تبدیل نہیں کیے جتنے ان کی کابینہ کے لوگ تبدیل ہوگئے ہیں، وزیراعلیٰ کو اچھی ٹیم کا انتخاب کرنا چاہیے تھا لیکن ٹیم کا کپتان ہی نااہل ہے ۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہاں ٹرانسفر پوسٹنگز ،فنانس بل،سیکرٹریز کی پوسٹنگز پر پیسے لیے جاتے ہیں، ان کا بلین ٹری منصوبہ کہاں ہے؟ ٹمبر مافیا کے ساتھ مل کر انہوں نے درخت بیچ دیئے ہیں، وزیراعلیٰ کو اعتماد کے ووٹ کا مشورہ برادرنہ طور پر دیا ہے،سرکاری طور پر نہیں۔