مجوزہ آئینی ترامیم کا مسودہ قوم کے سامنے لایا جائے: بیرسٹر سیف
پشاور: (دنیا نیوز) مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ مجوزہ آئینی ترامیم کا مسودہ میڈیا کے ذریعے قوم کے سامنے لایا جائے۔
اپنے ایک بیان میں بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ مجوزہ ترامیم پر جعلی حکومت قوم کو جواب دے، آئینی ترامیم کا مسودہ میڈیا کے ذریعے قوم کے سامنے لایا جائے، مجوزہ ترامیم پر پاکستان سمیت بین الاقوامی سطح پر بھی جگ ہنسائی ہو رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جعلی حکومت مجوزہ ترامیم سے جمہوریت پر حملہ آور ہو رہی ہے، مجوزہ ترامیم کا مسودہ اپنے ہی ممبر قومی اسمبلی کو بھی نہیں دکھایا گیا، ایم این ایزکے اصرار پر انہیں ڈرا دھمکا کر کہا کہ آپ کا کام صرف ووٹ کرنا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ مسودہ اتنا خوفناک لگ رہا ہے کہ اپنے ہی ممبران کو بھی نہیں دکھا رہے ہیں، مناسب ہوگا چیف جسٹس مجوزہ ترامیم پر اپنی پوزیشن واضح کر دیں۔
صوبائی مشیر اطلاعات نے مزید کہا کہ مجوزہ آئینی ترمیم کے ذریعے قانون کی حکمرانی کا گلا گھونٹ دیا جائے گا، چیف جسٹس کو اخلاقی طور پرتوسیع سمیت کسی بھی عہدہ سے دستبرداری کا اعلان کرنا چاہیے۔