احتجاج اور جلاؤ گھیراؤ کیس: سلمان اکرم راجہ کی عبوری ضمانت منظور

لاہور: (دنیا نیوز) انسداد دہشت گردی عدالت لاہور نے احتجاج اور جلاؤ گھیراؤ کے مقدمے میں پی ٹی آئی سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ ایڈووکیٹ کی 16 اکتوبر تک عبوری ضمانت منظور کر لی۔

سلمان اکرم راجہ نے تین مقدمات میں عبوری ضمانت کی درخواستیں دائر کیں، انسداد دہشتگردی عدالت کے جج ارشد جاوید نے سماعت کی۔

عدالت نے 2 لاکھ روپے کے ذاتی مچلکوں پر سلمان اکرم راجہ کی عبوری ضمانت منظور کی ہے، تھانہ اسلام پورہ، تھانہ لاری اڈہ اور تھانہ مستی گیٹ کے مقدمات میں ضمانت منظور کی گئی۔

واضح رہے کہ پولیس نے سلمان اکرم راجہ سمیت دیگر پی ٹی آئی رہنماؤں کو ایف آئی آرز میں نامزد کر رکھا ہے۔

اسلام آباد میں درج مقدمے میں بھی حفاظتی ضمانت منظور

دوسری جانب لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شہباز رضوی پر مشتمل دو رکنی بنچ نے سلمان اکرم راجہ کی اسلام آباد میں درج دہشت گردی کے مقدمے میں حفاظتی ضمانت کی درخواست پر سماعت کی۔

عدالت نے 15 اکتوبر تک سلمان اکرم راجہ کی حفاظتی ضمانت منظور کر لی۔

واضح رہے کہ تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ کے خلاف تھانہ سیکرٹریٹ اسلام آباد میں بھی دہشت گردی کا مقدمہ درج ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں