عمران خان کی صحت سے متعلق تشویشناک خبریں موصول ہو رہی ہیں: بیرسٹر سیف
پشاور: (دنیا نیوز) مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی صحت سے متعلق تشویشناک خبریں موصول ہو رہی ہیں۔
اپنے ایک بیان میں بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ عمران خان سے ملاقاتوں پر پابندی سے کارکنان میں انتہائی تشویش ہے، کیا وجہ ہے کہ حراست میں شخص سے ملاقاتوں پر پابندی لگائی گئی، ہمارے ریسکیو اور پولیس اہلکاروں کو بھی غیر قانونی حراست میں رکھا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ زیر حراست سرکاری اہلکاروں اور پی ٹی آئی ورکرز پر تشدد کیا جا رہا ہے، تشدد کی تصدیق کے بعد ذمہ اہلکاروں کو نشان عبرت بنائیں گے۔
صوبائی مشیر اطلاعات کا مزید کہنا تھا کہ وفاقی حکومت نے کے پی ہاؤس اسلام آباد میں بھی توڑ پھوڑ کی ہے، اس قسم کے اقدامات ناقابل برداشت ہیں اور فیڈریشن پر حملہ ہے، صوبے سے تعلق رکھنے والوں پر تشدد ہوگا تو اینٹ کا جواب پتھر سے دیں گے۔