عمران خان اسرائیل گٹھ جوڑ ایس سی او سمٹ کو سبوتاژ کرنے کیلئے کوشاں ہے: شرجیل میمن
کراچی: (دنیا نیوز) سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان اسرائیل گٹھ جوڑ ایس سی او کانفرنس کو سبوتاژ کرنے کیلئے کوشاں ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی پاکستان میں سیاست نہیں بلکہ صیہونی مفادات کے تحفظ کیلئے کام کر رہے ہیں، عمران خان کے تل ابیب کے ساتھ روابط ملک دشمن قوتوں کی جانب سے ایس سی او کو سبوتاژ کرنے کی مربوط کوششوں کا حصہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی اور اسرائیل کا گٹھ جوڑ پاکستان کے قومی مفادات پر سمجھوتہ ہے، ماضی میں بھی عمران خان پاک چین دوستی کو نقصان پہنچانے کے لئے چینی صدر کے دورے کو سبوتاژ کرنے کی سازش کا حصہ رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی قیادت بیرونی ملک دشمن ایجنڈوں پر عمل پیرا ہے، پاکستان کی سلامتی و خودمختاری پر ملک دشمن مفادات کو ترجیح دیتی ہے، پی ٹی آئی کا تھنک ٹینک اس وقت تل ابیب میں بیٹھا ہوا ہے اور پاکستان کے خلاف سازشوں میں مصروف ہے۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ پی ٹی آئی کے اہم پالیسی مشیر اسرائیل میں بیٹھے ہیں جو پاکستان کو کمزور کرنے کیلئے سرگرم ہیں، پی ٹی آئی کو تل ابیب سے پالیسیاں، ہدایات اور حمایت مل رہی ہے، بین الاقوامی لابنگ کیلئے تل ابیب میں پی ٹی آئی کے ہینڈلرز مسلسل متحرک ہیں۔
شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ بیرونی قوتوں کی جانب سے پی ٹی آئی کی امداد کا مقصد ملک میں سیاسی عدم استحکام پیدا کرنا اور پاکستان کی اقتصادی و سفارتی ترقی کو نقصان پہنچانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی نژاد صادق خان کے مقابلے میں زیک گولڈ سمتھ کی توثیق بانی پی ٹی آئی اسرائیل گٹھ جوڑ کا ثبوت ہے، فلسطین پر اسرائیلی جارحیت کے خلاف اے پی سی میں پی ٹی آئی کی عدم شرکت نے پی ٹی آئی اور اسرائیل گٹھ جوڑ کو بے نقاب کر دیا ہے۔
صوبائی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ زیک گولڈ اسمتھ جیسے افراد پی ٹی آئی کیلئے سازگار پاکستان مخالف بیانیہ کو فروغ دے رہے ہیں، ملک کے مستحکم اداروں کے خلاف سازشیں اور ان پر حملے اسرائیلی آشیرباد سے کئے جا رہے ہیں۔