اطالوی بحریہ کے ایئر کرافٹ کیریئر کاوور اور فریگیٹ الپینو کا پاکستان کا دورہ

راولپنڈی: (دنیا نیوز) اطالوی بحریہ کے ایئر کرافٹ کیریئر کاوور (CAVOUR) اور فریگیٹ الپینو (ALPINO) نے پاکستان کا دورہ کیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق کاوور (CAVOUR) کراچی بندرگاہ میں آنے والا اٹلی کا پہلا ایئر کرافٹ کیریئر ہے، کراچی آمد پر پاک بحریہ کے اعلیٰ حکام اور اطالوی سفیر نے جہازوں کا استقبال کیا۔

اطالوی جہاز کے ہمراہ اٹالین نیوی کے اعلیٰ حکام اور دفاعی صنعت کے وفد نے بھی کراچی کا دورہ کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق کمانڈر کراچی وائس ایڈمرل فیصل عباسی نے اطالوی ایئر کرافٹ کیریئر کا دورہ کیا، اطالوی سفیر اور بحریہ کے اعلیٰ حکام نے کمانڈر پاکستان فلیٹ سے ملاقات کی، ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور اور مستقبل میں بحری شراکت داری پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

دورے کے دوران پاک بحریہ اور اطالوی ایئر کرافٹ کیریئر اسٹرائیک گروپ، بشمول جدید F-35 Lightning II لڑاکا جہاز مختلف مشقیں بھی کریں گے۔

اس موقع پر اطالوی سفیر کا کہنا تھا کہ پاک بحریہ خطے کی اہم بحری قوت ہے اور پاک اطالوی معاشی و دفاعی تعاون کے روشن امکانات ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں