لاہور ہائیکورٹ؛ سرما تعطیلات کے پہلے ہفتے کیلئے 5 ڈویژن اور 15 سنگل بنچز تشکیل
لاہور: (دنیا نیوز) لاہور ہائی کورٹ کی موسم سرما کی تعطیلات کے پہلے ہفتے کے لیے 5 ڈویژن اور 15 سنگل بنچز تشکیل دے دیئے گئے۔
ہائی کورٹ میں موسم سرما کی تعطیلات کا آغاز ہو گیا اور پرنسپل سیٹ پر موسم سرما کی تعطیلات کے پہلے ہفتے کے ججز روسٹر پر عمل آج سے شروع ہو گیا ہے۔
ایڈیشنل رجسٹرار جوڈیشل سید شبیر حسین شاہ نے روسٹر جاری کردیا جس کے مطابق موسم سرما کی تعطیلات کے پہلے ہفتے میں اپیلوں کی سماعت کے لیے 5 ڈویژن بنچ جبکہ اہم اور فوری نوعیت کے کیسز کی سماعت کے لیے 15 سنگل بنچز تشکیل دیئے گئے ہیں۔
چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ بطور سنگل بنچ کیسز کی سماعت کریں گی۔
روسٹر کے مطابق قائم مقام چیف جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں 2 رکنی بنچ فوجداری اپیلوں پر سماعت کرے گا، اسی طرح جسٹس شمس محمود مرزا کی سربراہی میں 2 رکنی بنچ سول اپیلوں پر سماعت کرے گا جبکہ جسٹس شہباز رضوی کی سربراہی میں 2 رکنی بنچ فوجداری اپیلوں پر سماعت کرے گا۔
ان کے علاوہ جسٹس فیصل زمان خان کی سربراہی میں 2 رکنی بنچ سول اپیلوں پر سماعت کرے گا، جسٹس محمد وحید خان کی سربراہی میں 2 رکنی بنچ فوجداری اپیلوں پر سماعت کرے گا۔
موسم سرما کی تعطیلات کے پہلے ہفتے میں ضمانت، حکم امتناع، اندراج مقدمہ اور ہراسگی سے متعلق درخواستیں دائر ہو سکیں گی جبکہ تعطیلات کے دوران ججز صبح 9 سے ایک بجے تک کیسز کی سماعت کریں گے۔