استور، ہنزہ میں برفباری جاری، مالم جبہ میں سورج نکلتے ہی سیاحوں کا رش

گلگت: (دنیا نیوز) استور ہنزہ کے بالائی علاقوں میں برف باری کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث گلگت میں خشک سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا، مالم جبہ میں سورج نے کرنیں بکھیریں تو سیاحوں کا رش لگ گیا۔

بالائی سرحدی علاقے منی مرگ، قمری ۔ اور شنکرگڑہ کی وادیوں میں 2 فٹ برف پڑ چکی ہے، بالائی علاقوں رٹو، ناصرآباد اور پریشنگ کی وادیوں میں برف باری کا سلسلہ جاری ہے۔

تحصل یاسین، پھنڈر، خنجراب میں بھی برف باری ہو رہی ہے، برف باری سے استور کے بالائی علاقوں کی رابطہ سڑکیں بند ہیں، برف باری سے بالائی سرحدی علاقوں میں لوگ محصور ہیں۔

نلتر میں گزشتہ دنوں سے جاری برف باری کی وجہ سے معاملات زندگی مفلوج ہو کر رہ گئے ہیں، دو توز میں 9 انچ برف پڑ چکی ہے، برف باری سے لطف اندوز ہونے کے لئے سیاحوں کا رش لگ گیا ہے۔

ضلعی انتظامیہ کی جانب سے سیاحوں کو احتیاط برتنے کی تلقین کی گئی ہے، انتظامیہ کا کہنا ہے کہ نلتر، ہائی الٹیچیوڈ کی وجہ سے گاڑیوں کا پھسلن کا خطرہ ہے۔

نلتر میں سیاحوں کے رش کے باعث ہوٹلوں میں جگہ کم پڑ گئی جبکہ محکمہ موسمیات کی جانب سے آئندہ چند روز مزید برف باری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

دوسری جانب برف باری کے بعد مالم جبہ میں سورج نے کرنیں بکھیریں تو سیاحوں کی کثیر تعداد حسین نظاروں کی طرف کھنچی چلی آئی، سیاحوں نے چیئر لفٹ کی سیر کر کے موسم کا لطف اٹھایا۔

ایبٹ آباد کے مختلف علاقوں میں بارش اور بالائی علاقوں میں برفباری سے سردی بڑھ گئی، ضلع کیچ کی مین شاہراہوں پر گرم کپڑوں اور جوتوں کے عارضی بازار سجنے لگے۔

مسیاحوں نے موسم سے لطف اندوز ہونے کیلئے ہزارہ ڈویژن کے سیاحتی مقامات کا رخ کرلیا، انتظامیہ کی جانب سے رابطہ سڑکوں سے برف ہٹانے کا کام جاری ہے، بارش اور برف باری کے باعث دیہی علاقوں میں بجلی کے بریک ڈاؤن سے مکینوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

بلوچستان کے ضلع کیچ میں سردی کی آمد کے ساتھ ہی شاہراہوں پر گرم کپڑوں اور جوتوں کے بازار سج گئے۔

خریداروں کا کہنا ہے کہ مہنگائی کے اس دور میں سستے بازار عوام کے لیے بڑی سہولت بن گئے ہیں، دکانداروں کے مطابق خریداروں کی تعداد میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں