کوئی پابندی نہیں، وزیراعلیٰ کے پی کراچی آئیں، سکیورٹی دیں گے: مرتضیٰ وہاب

کراچی: (دنیا نیوز) میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ کسی پر کراچی آنے پر پابندی نہیں ہے، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی آئیں گے تو انہیں سکیورٹی دیں گے۔

کراچی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ حافظ نعیم الرحمان سیاسی پریس کانفرنس کرتے ہیں، اس سے مسائل حل نہیں ہوتے، مخالفین کو کہتا ہوں کہ کام کرکے بات کریں، کام کیے بغیر بات نہ کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ چیئرمین پیپلزپارٹی نے جو وعدے کیے ہیں انہیں پورا کریں گے، ٹارگٹ یہ ہے کہ سب کو ساتھ لے کر آگے بڑھیں گے، کیماڑی کے مسائل بھی حل کریں گے، شاہراہ بھٹو کا کام تیزی سے چل رہا ہے جسے رواں سال میں مکمل کر لیں گے۔

مرتضیٰ وہاب کا مزید کہنا تھا کہ لوڈشیڈنگ کی وجہ سے سٹریٹ لائٹس بند نہیں ہوں گی، کے ایم سی کی عمارت کو بھی سولر لائٹس پر منتقل کیا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں